Sunday , July 23 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کا سنگاریڈی میں مجوزہ جلسہ عام

کانگریس کا سنگاریڈی میں مجوزہ جلسہ عام

راہول گاندھی مخاطب کریں گے ۔ حکومت کی ناکامیوں پر چارج شیٹ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے یکم جون کو سنگاریڈی میں منعقد ہونے والے راہول گاندھی کے جلسہ عام میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کی ناکامیوں پر چارج شیٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں کانگریس کے محاذی تنظیموں کے صدور کا اجلاس طلب کیا گیا ۔ اجلاس میں اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین صدر مہیلا کانگریس این شاردا ، او بی سی چیرمین چترنجن داس ، یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو ، کسان کانگریس کے صدر کوندڈا رام سیوا دل کے صدر جناردھن ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے یکم جون کو سنگاریڈی میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محاذی تنظیموں کو کانگریس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اس موقع پر مرکزی حکومت کی ناکامیوں وعدوں پر عدم عمل آوری بالخصوص کالا دھن کی واپسی ، ملازمتوں کی فراہمی ، قیمتوں پر کنٹرول ، نوٹ بندی ، کارپوریٹ اداروں کے مفاد میں فیصلے ، کسانوں کی خود کشی اور دوسرے مسائل پر ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں ، کسانوں کی خود کشی ، کسانوں کو ہتھکڑیاں پہنانے ، مقدمات درج کرنے ، اقل ترین قیمت کی عدم ادائیگی ، ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم میں ناکامی ، کے جی تا پی جی مفت تعلیم ، خواتین کی اہمیت ، بیروزگار نوجوانوں کے مسائل ، فیس ری ایمبرسمنٹ بقایا جات کی عدم اجرائی ، بدعنوانیوں کے علاوہ دوسرے مسائل پر چارج شیٹ پیش کی جائے گی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی بہر صورت اقتدار حاصل کرے گی ۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں یکمشت میں کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کیے جائیں گے ۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ تین ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ ادا کیا جائے گا ۔ فصلوں کو اقل ترین قیمت ادا کی جائے گی ۔ ساتھ ہی دیڑھ لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے علاوہ دوسرے وعدے کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی کے جلسہ عام سے کانگریس کا جذباتی لگاؤ ہے اس گراونڈ پر راہول گاندھی کا جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے ۔ جہاں 1979 میں اندرا گاندھی نے خطاب کیا تھا ۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے تمام محاذی تنظیموں کے صدور سے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT