Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کا کوئی بھی قائد پارٹی نہیں چھوڑے گا

کانگریس کا کوئی بھی قائد پارٹی نہیں چھوڑے گا

ڈسپلن شکنی پر سخت کارروائی ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کوئی بھی قائد پارٹی نہیں چھوڑے گا ۔ پارٹی ڈسپلن شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف ریمارکس مضحکہ خیز ہے ۔ دو سال میں صرف فرقہ پرستی پروان چڑھی ہے ۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین میں کوئی گروپ بندیاں نہیں ہے اور نہ ہی اختلافات ہے ۔پارٹی کے تمام قائدین متحد ہے ۔ جہاں تک انہیں اطلاع ہے کانگریس کا کوئی بھی قائد پارٹی نہیں چھوڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ 2 سال کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک مرتبہ بھی تلنگانہ کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی تلنگانہ کی ترقی کے لیے کوئی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے امیت شاہ کی جانب سے گذشتہ 60 سال کے دوران ملک کی ترقی کے لیے کانگریس کوئی اقدامات نہ کرنے کے ریمارکس کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ یو پی اے کے 10 سالہ دور حکومت میں ملک کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ڈھیر سارے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ قانون حق معلومات ، قانون فوڈ سیکوریٹی ، قانون حق تعلیم ، روزگار ضمانت اسکیم کے علاوہ کئی اسکیمات متعارف کی گئی ہیں ۔ امیت شاہ کو اس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے ۔ بی جے پی کے دور اقتدار میں ہندوتوا طاقتوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے ۔ فرقہ وارانہ ایجنڈا کے ساتھ بی جے پی کام کررہی ہے ۔ عوام کے مذہبی جذبات بھڑکاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھایا جارہا ہے ۔ یہ تمام چیزیں عارضی ہے ۔ تقسیم آندھرا پردیش کے بل میں تلنگانہ سے کیے گئے ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ 90 ہزار کروڑ روپئے تلنگانہ کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ٹی آر ایس دوسری طرف بی جے پی جھوٹے وعدے اور عمل نہ ہونے والے اعلانات کرتے ہوئے عوام کے جذبات سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔ نریندر مودی نے اندرون 100 یوم بیرونی ممالک میں موجود کالا دھن لاکر ہر شہری کے بنک اکاونٹ میں فی کس 15 لاکھ روپئے ڈپازٹ کرنے کے وعدے کو 2 سال میں بھی پورا نہیں کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT