Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / کانگریس کی غریبوں سے محض زبانی ہمدردی ، عمل ندارد

کانگریس کی غریبوں سے محض زبانی ہمدردی ، عمل ندارد

اہم بلوں کو روکنا غریبوں کی مدد نہیں ، صرف وزیراعظم پر تنقید پر اکتفا : وینکیا نائیڈو
نئی دہلی ۔ 8مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی پر لوک سبھا میں اُن کے لفظی حملے پر راہول گاندھی پر جوابی وار کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی اُمور ایم پی وینکیا نائیڈو نے آج کانگریس کو غریبوں سے محض زبانی ہمدردی کرنے کا مورد الزا م ٹھہرایا اور زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ میں زیرالتواء بلوں کی منظوری میں مدد دے ۔ نائیڈو نے کہاکہ آپ (کانگریس) ان تمام دنوں میں وزیراعظم پر تنقیدیں کرتے آئے ہو اور  بعض اوقات شخصی حملے تک کئے گئے ۔ آپ بس اس میں مگن ہیں ، آپ جو چاہیں کریں لیکن پارلیمنٹ کو مفلوج کرتے ہوئے غریبوں کو نشانہ مت بنائیں اور ان بلوں کو نہ روکیں جو غریبوں سے متعلق ہیں۔ آپ نے لگ بھگ 50 سال ملک پر حکمرانی کی اور غرباء بدستور غریب ہیں۔ ہماری حکومت اس صورتحال کو بدلنے کمربستہ ہے ۔ نائب صدر کانگریس نے جمعہ کو لوک سبھا میں اپنی تقریر میں مودی کو اُن پر شخصی حملے کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا تھا ۔

راہول نے کہا تھا کہ آپ جتنا چاہیں شخصی حملے کرلیں لیکن غریبوں اور کمزوروں کو نہ کچلیں ، جن کی طرف سے میں بات کررہا ہوں ۔ وزیر پارلیمانی اُمور نے کہاکہ ہر کوئی اتفاق کرتا ہے کہ اچھی طرح ترتیب دیئے گئے جی ایس ٹی پر عمل آوری ہو تو جی ڈی پی کی بڑھوتری میں 1.5 فیصد تا 2 فیصد کا اضافہ ہوگا ۔ اس اضافے سے حکومت کو غریبوں کی مزید بہبودی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے ذریعے زیادہ مدد کرنے کا موقع حاصل ہوگا ۔ لہذا ان تمام بلوں کی تائید کریں اور حکومت کی مدد کریں کہ وہ غریبوں کی مدد کرسکے ۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ کانگریس پارٹی حالیہ عرصے میں غریبوں سے بس زبانی ہمدردی کرتی آئی ہے ، نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ جہاں غریبوں کیلئے زبانی ہمدردی اور امیروں کیلئے عملی اقدامات کانگریس کا مزاج رہا ہے ، وہیں حکومت کا راستہ ہے کہ لفظوں کو عملی شکل دی جائے ۔

TOPPOPULARRECENT