Friday , August 18 2017
Home / سیاسیات / کانگریس کے میر اور پی ڈی پی کے تصدق نے پرچہ نامزدگی داخل

کانگریس کے میر اور پی ڈی پی کے تصدق نے پرچہ نامزدگی داخل

سری نگر۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)  جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے بدھ کے روز اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے 12 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے بحیثیت کانگریس امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کے دفتر میں جمع کئے ۔ اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ اور کانگریس کے متعدد سینئر لیڈران موجود تھے ۔ دریں اثنا ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بھائی تصدق حسین مفتی نے بھی بحیثیت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کئے ہیں۔ اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 24 مارچ مقرر ہے جبکہ ووٹنگ 12 اپریل کو ہوگی۔ اننت ناگ کی پارلیمانی نشست مفتی محمد سعید کے 7 جنوری 2016 ء کو انتقال کرجانے کے بعد اُن کی بیٹی محبوبہ مفتی کے اسی حلقہ سے اسمبلی انتخابات لڑنے کے بعد خالی ہوگئی تھی۔ پی ڈی پی کو سخت ٹکر دینے کے لئے نیشنل کانفرنس اور کانگریس وادی کی دو خالی پڑی پارلیمانی نشستوں (سری نگر اور اننت ناگ) کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑرہے ہیں۔ سیٹ شیئرنگ فارمولے کے تحت فاروق عبداللہ سری نگر جبکہ غلام احمد میر اننت ناگ کے لئے ضمنی انتخابات کے امیدوار نامزد کئے گئے ہیں۔ سری نگر کی پارلیمانی نشست سابق پی ڈی پی لیڈر طارق حمید قرہ کے پی ڈی پی اور بحیثیت پارلیمنٹ ممبر استعفیٰ دینے کے بعد خالی ہوگئی تھی۔ پی ڈی پی کی طرف سے اننت ناگ کے لئے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بھائی تصدق حسین کو پارٹی امیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بھی بدھ کے روز ہی متعدد پارٹی لیڈران کی موجودگی میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کئے ۔

TOPPOPULARRECENT