Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / کانگریس ہیڈکوارٹر پر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے ہولی منائی

کانگریس ہیڈکوارٹر پر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے ہولی منائی

ملک بھر میں رنگوں کے تہوار کا جوش و خروش، بیرونی سیاحوں نے بھی لطف اٹھایا
نئی دہلی 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ہیڈکوارٹر پر آج جشن کا ماحول تھا جہاں پارٹی سربراہ سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے ہولی منائی۔ گزشتہ چند دہوں کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ کانگریس ہیڈکوارٹر پر رنگوں کے تہوار کو بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ اسی طرح ملک بھر میں آج عوام نے رنگوں میں نہاکر جشن منایا۔ گوا میں بیرونی سیاحوں نے بھی ہولی تہوار میں حصہ لے کر لطف حاصل کیا۔ دہلی میں ہولی مناتے ہوئے عوام نے ایک دوسرے پر گلال پھینکا۔ کانگریس ہیڈکوارٹر پر صدر کانگریس اور نائب صدر نے 24 اکبر روڈ پر تقریباً 15 منٹ تک ٹھہر کر ہولی کے جشن میں حصہ لیا۔ پارٹی کی خاتون کارکنوں نے دونوں قائدین کو پھول مالائیں پیش کیں اور چند پارٹی ارکان نے ان دونوں پر گلال ڈالا۔ اے آئی سی سی خازن موتی لال ووہرا، سابق چیف منسٹر دہلی شیلا ڈکشٹ، دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجئے ماکن، پارٹی ترجمان رندیپ سرجے والا، سندیپ ڈکشٹ اور ایم افضَ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد سے کانگریس ملک بھر میں عوام کو خوشگوار پیامات روانہ کرنے میں سرگرم ہوگئی ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کانگریس تمام طبقات کے ساتھ ہے خاص کر اقلیتی طبقہ کے لئے اس کے نزدیک خاص مقام ہے۔

راہول گاندھی نے تمام عوام کو ہولی کی مبارکباد دی۔ اس ہولی کے موقع پر میں تمام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ تہوار ملک میں اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے۔ انھوں نے ہندی میں ٹوئیٹر پر پیام روانہ کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان میں کثیر الوجود آبادی کا اتحاد ایک منفرد بھائی چارہ کی علامت ہے۔ انھوں نے اس سوال کا فوری طور پر جواب دیا کہ آیا وہ وزیراعظم کو بھی ہولی کی مبارکباد دیں گے۔ انھوں نے کہاکہ بلاشبہ یہ مبارکباد تمام کے لئے ہے۔ پاناجی میں بیرونی سیاحوں کی کثیر تعداد نے مقامی عوام کے ساتھ مل کر ہولی منائی۔ روایتی تہوار کا جشن اور رنگوں کی بہار کو دیکھ کر وہ مکمل طور پر محظوظ ہورہے تھے۔ ہولی کے جشن کا آغاز صبح سے شروع ہوا اور دوپہر تک جاری رہا۔ آزاد میدان کے بشمول تمام علاقوں میں بیرونی سیاحوں کو مختلف رنگوں سے ہولی مناتے ہوئے دیکھا گیا۔ پاناجی سے رکن اسمبلی سدھارتھ کنچولکر نے بھی تہوار میں حصہ لیا۔ آزاد میدان پر جمع بیرونی سیاحوں کے لئے کوئی خاص سکیوریٹی انتظامات نہیں کئے گئے تھے کیوں کہ یہاں ہمیشہ ہولی پرامن طور پر منائی جاتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT