Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / کاپو لیڈر پدمنابھم ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے کوشاں

کاپو لیڈر پدمنابھم ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے کوشاں

پدیاترا شروع کرنے کے منصوبہ پر وزیر بلدی نظم و نسق اے پی کی تنقید
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر بلدی نظم و نسق آندھرا پردیش مسٹر نارائنا نے ریاستی کاپو قائد مسٹر پی پدمنابھم پر تنقید کی اور کہا کہ ان کا رویہ ریاست کے کاپو طبقات کی توہین کرنے اور ان کا نام بدنام کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کی جانب سے اپنے انتخابی منشور میں کاپو طبقات کی فلاح و بہبود سے متعلق تیقنات و وعدوں کو پورا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کاپو طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے تفصیلی صورتحال کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے ’ منجوناتھ کمیشن ‘ تشکیل دیا گیا اور اس کی رپورٹ جلد حکومت کو وصول ہونے والی ہے ۔ رپورٹ کو کابینی اجلاس میں منظوری حاصل کر کے فوری اس کو مرکزی حکومت سے قطعی منظوری کیلئے روانہ کیا جائیگا ۔ مسٹر نارائنا نے کاپو قائد سے دریافت کیا کہ سابق میں دس سال متحدہ آندھرا پردیش میں کانگریس حکومت تھی لیکن اس دوران کاپوؤں کے مسئلہ پر کیوں خاموشی اختیار کی گئی تھی اور کیوں حکومت سے مطالبہ نہیں کیا گیا ۔ اس کی فوری وجوہات کا اظہار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسٹر پدمنابھم اپنے ذاتی مفادات کیلئے کاپو طبقہ کے نام پر پدیاترا کرنے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے پدمنابھم کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پدیاترا شروع کرنے سے قبل از سر نو غور کرلیں بصورت دیگر حکومت کسی مذموم کوشش کے خلاف سخت موقف اختیار کریگی۔

TOPPOPULARRECENT