Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / کبڈی ورلڈ کپ میں سکیورٹی کے سبب پاکستان مدعو نہیں

کبڈی ورلڈ کپ میں سکیورٹی کے سبب پاکستان مدعو نہیں

ہندوستان میں پاکستان کے کھیلنے کیلئے مناسب وقت نہیں، انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا بیان
نئی دہلی ، 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن (آئی کے ایف) نے رواں ہفتے احمدآباد میں مقررہ کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شرکت سے روک دیا۔ نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے سربراہ دیوراج چترویدی نے جن کا تعلق ہندوستان سے ہے، کہا کہ دو نیوکلیر مملکتوں کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔ 7 اکٹوبر کو شروع ہونے والے ایونٹ میں انڈیا، ایران، امریکہ، آسٹریلیا،جنوبی افریقہ، انگلینڈ، پولینڈ، کینیا اور ارجنٹینا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چترویدی نے بتایا کہ’’ہندوستان میں پاکستان کے کھیلنے کیلئے یہ مناسب وقت نہیں ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا ایک قابل قدر رکن ہے لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور دونوں قوموں کے بہتر مفاد میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو اس چمپئن شپ سے باہر رکھا جائے۔ دوسری جانب پاکستان نے انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن پر غیر منصفانہ سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تحت ہی کیا گیا تو دونوں حریف ممالک کو ایونٹ سے باہر کیا جانا چاہئے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سکریٹری رانا محمد سرور نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ’’ہم نے اس مسئلے پر بات کرنے کیلئے ایک اجلاس طلب کیا ہے، لیکن ایک بات واضح ہے کہ پاکستان کے بغیر کبڈی ورلڈ کپ حقیقی معنوں میں ورلڈ کپ نہیں ہوگا‘‘۔ انھوں نے مزید کہا: ’’یہ ایسے ہی ہے جیسے برازیل کے بغیر فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد کیا جائے۔‘‘ دوسری جانب پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان ناصر علی نے بتایا کہ ان کے کھلاڑی اس وقت بہتر فارم میں ہیں، جنھوں نے رواں برس مئی میں پاکستان میں 6 ملکی کبڈی کپ میں ہندوستان کو شکست دی اور گزشتہ ماہ ویتنام میں ایشین بیچ گیمز میں بھی انڈیا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انھوں نے کہا: ’’ہم ہندوستان میں ورلڈ کپ میں میزبانوں کو شکست دینے کے تعلق سے پرامید تھے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT