Saturday , August 19 2017
Home / سیاسیات / کجریوال نے وزیر عاصم خان کو برطرف کردیا

کجریوال نے وزیر عاصم خان کو برطرف کردیا

عمران حسین جانشین ہوں گے ۔ برطرف وزیر کو سازش کا شبہ
نئی دہلی ، 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے وزیر ماحولیات اور اغذیہ عاصم احمد خان کو آج عاجلانہ طور پر برطرف کردیا کہ انھوں نے مبینہ طور پر ایک بلڈر سے 6 لاکھ روپئے کی رشوت کا تقاضہ کیا تھا، اور اس معاملے کی سی بی آئی تحقیقات کی سفارش بھی کردی۔ عاصم کی برطرفی کا کجریوال کی جانب سے اچانک اعلان ایک پریس کانفرنس میں ہوا جو عجلت میں طلب کی گئی۔ کجریوال نے کہا کہ عاصم خان کو برطرف کردیا گیا جو عام آدمی پارٹی کا رشوت کے تئیں ہرگز رواداری نہ برتنے کی پالیسی کا حصہ ہے اور بی جے پی کو چیلنج کیا کہ راجستھان اور مدھیہ پردیش کے وزرائے اعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا اور شیوراج سنگھ چوہان کو برطرف کرے، جو دونوں کرپشن میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ کجریوال نے کہا کہ عمران حسین جو پرانی دہلی میں بلیرامن سے پہلی بار منتخب ایم ایل اے ہیں، وہ اُن کی کابینہ میں نیا چہرہ ہوں گے۔ عاصم خان گزشتہ آٹھ ماہ میں کابینہ سے علحدہ ہونے والے دوسرے وزیر ہیں جبکہ اُس وقت کے وزیر قانون جتندر سنگھ تومر کو جعلی ڈگری تنازعہ پر مستعفی ہونا پڑا تھا۔ دریں اثناء عاصم خان نے اپنی برطرفی پر حیرت اور صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ اُن کے خلاف ’’بڑی سازش‘‘ ہوئی۔ انھوں نے مزید تفصیل بتائے بغیر وعدہ کیا کہ وہ کل ’’اس سازش کو بے نقاب‘‘ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT