Tuesday , September 26 2017
Home / سیاسیات / کجریوال کا کھیل ختم ، کپِل مشرا کا ادعا

کجریوال کا کھیل ختم ، کپِل مشرا کا ادعا

نئی دہلی،19جون(سیاست ڈاٹ کام)حوالہ کاروبار کے الزام میں تعمیرات عامہ کے وزیر ستیندر جین کی اہلیہ سے مرکزی تفتیشی بیورو کی پوچھ گچھ پر سابق وزیر کپِل مشرا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی اروند کجریوال کا کھیل ختم ہوچکاہے ۔ بیورو کی ایک ٹیم نے آج جین کی اہلیہ سے حوالہ کاروبار کے الزام میں پوچھ گچھ کی ہے ۔عام آدمی پارٹی(آپ)سے برخاست رکن اسمبلی مشرا نے اس کے بارے میں کہا کہ لوٹ کے مال میں حصہ داری کجریوال کے خاندان تک پہنچ چکی ہے اور مسٹر جین کو بچانا وزیراعلی کی مجبوری بن گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کجریوال کا کھیل ختم ہوچکا ہے ۔ سابق وزیر نے کہا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے ۔صحت اور تعمیرات عامہ کے محکموں میں کئی اور گھوٹالوں کی جانچ ابھی جاری ہے ۔حوالہ اور کالے دھن کے تمام دستا ویز ایجنسیوں کے پاس ہیں۔زمین کے دستاویز اور اسے خریدنے کے سبھی دستاویزوں کی تفصیل سامنے آچکی ہے۔ جین اوچندی کلاں،بوانا اور ککرولا میں 200بیگھہ بے نامی زمین کی بات قبول کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ 16کروڑ روپے کا کالا دھن بھی جین کی ایک کمپنی نے خود ہی مان لیا ہے ۔کولکاتہ کے تین حوالہ کاروباری جن کے ذریعہ کالے دھن کو سفید کیا گیا ،ان کے بیانات میں بھی سارے حقائق درج ہیں۔ مشرا نے کہا کہ مسٹر جین کی اہلیہ سے پوچھ گچھ کے بعد آپ کی طرف سے سوشل میڈیا میں ایک پرچہ وائرل کیا ہے جو جھوٹ کا پلندا ہے۔ جین اور ان کی اہلیہ کی 56فرضی کمپنیوں کا پتہ چلا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT