Wednesday , September 20 2017
Home / ہندوستان / کراچی میں ممبئی بم دھماکوں کے کلیدی ملزم کی موت مخبر کے ذریعہ پولیس کو یدا خاں کی موت کی اطلاع

کراچی میں ممبئی بم دھماکوں کے کلیدی ملزم کی موت مخبر کے ذریعہ پولیس کو یدا خاں کی موت کی اطلاع

ممبئی ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام): ممبئی میں 1993 کے سلسلہ وار بم دھماکوں کا کلیدی ملزم یعقوب خاں عرف یدا یعقوب کا باور کیا جاتا ہے کہ پاکستانی شہر کراچی میں انتقال ہوگیا ہے ۔ ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریہ نے بتایا کہ چہارشنبہ کے دن ایک مخبر کے دریعہ یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ یدا یعقوب کی قلب پر حملہ کے باعث موت واقع ہوئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ یدا یعقوب اور اس کا بھائی مجید خاں نے 1993 کے سلسلہ وار بم دھماکوں کی سازش میں کلیدی رول ادا کیا تھا ۔ جس میں 257 افراد ہلاک اور دیگر 700 زخمی ہوگئے تھے ۔ ان دونوں نے رائے گڑھ سے ممبئی کو آر ڈی ایکس منتقل کیا تھا ۔ اس کیس کے تحقیقات کاروں نے بتایا کہ دھماکوں کے فوری بعد پاکستانی انٹلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کی مدد سے وہ براہ دوبئی کراچی فرار ہوگیا تھا ۔ تاہم مجید خاں تعمیراتی بزنس کیلئے شہر ممبئی میں ہی قیام پذیر تھا ۔ جسے سال 2002 میں حریف چھوٹا راجن ٹولی کے ارکان نے سب اربن باندرہ میں گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔ یدا یعقوب گذشتہ کئی سال سے کراچی میں اپنی دوسری اہلیہ اور بچوں کے ساتھ مقیم تھا ۔ ممبئی اور اترپردیش میں انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی ٹولی میں بھرتی ( ریکروٹمنٹ ) کی نگرانی کرتا تھا ۔ علاوہ ازیں وہ ، داؤد ابراہیم کی جانب سے دہشت گردی کو مالیہ کی فراہمی اور منشیات کے اسمگلر اقبال مرچی کی سرگرمیوں کی دیکھ بھال کرتا تھا جب کہ اقبال مرچی سال 2013 میں فوت ہوگیا تھا ۔۔

TOPPOPULARRECENT