Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / کرسمس فیسٹیول کے لیے حکومت تلنگانہ سے رقمی منظوری

کرسمس فیسٹیول کے لیے حکومت تلنگانہ سے رقمی منظوری

15 کروڑ کی اجرائی کے لیے احکامات ، گرجا گھروں میں غریب عیسائیوں میں ملبوسات کی تقسیم
حیدرآباد۔ /4نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کرسمس فیسٹول کے سرکاری طور پر انعقاد کیلئے 15 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود نے آج احکامات جاری کئے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت اپنے خرچ پر کرسمس اور دعوت افطار کا اہتمام کرتی ہے اور دونوں مواقع پر غریبوں میں کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے۔ حکومت نے جاریہ سال کرسمس فیسٹول کے لئے 15 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے جس کے تحت ریاست بھر کے منتخب گرجا گھروں میں غریب عیسائی خاندانوں میں کپڑے تقسیم کئے جائیں گے۔ بجٹ میں دعوت افطار اور کرسمس فیسٹول کیلئے 30 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے جس میں سے رمضان المبارک کے موقع پر 15 کروڑ روپئے جاری کئے گئے تھے اور اب کرسمس فیسٹول کیلئے 15کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو اس رقم کے حصول اور خرچ کا مجاز گردانا گیا ہے۔ اسی دوران محکمہ اقلیتی بہبود نے کپڑوں کی تقسیم کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے عہدیداروں پر مشتمل ٹنڈر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی نے ٹنڈر کے سلسلہ میں قواعد و ضوابط کو آج قطعیت دے دی ہے اور بہت جلد ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT