Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / کرسمس کے موقع پر غریب عیسائیوں میں ملبوسات کی تقسیم

کرسمس کے موقع پر غریب عیسائیوں میں ملبوسات کی تقسیم

حکومت تلنگانہ کا فیصلہ ، اے کے خاں کی صدارت میں کمیٹی کا قیام
حیدرآباد۔/15ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کرسمس کے موقع پر غریب اور مستحق عیسائی خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں کی صدارت میں قائم کردہ کمیٹی نے 18 ڈسمبر کو کپڑوں کی تقسیم کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود اور اضلاع میں اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر مستحق خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم عمل میں آئے گی جبکہ ریاستی سطح پر کرسمس تقاریب 20 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسمبلی اجلاس کے پیش نظر حکومت نے 18 ڈسمبر کو کپڑوں کی تقسیم کا دن مقرر کیا ہے تاکہ کرسمس تہوار سے قبل غریبوں تک کپڑے پہنچ جائیں۔ مختلف اقلیتی اداروں کے ملازمین کی خدمات حاصل کرتے ہوئے کپڑوں کی پیاکنگ کا کام مکمل کیا گیا اور انہیں حج ہاوز میں محفوظ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کرسمس تقاریب میں شرکت کریں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کپڑوں کی تقسیم کے انتظام کا شخصی طور پر جائزہ لے رہے ہیں۔ حکومت نے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں جے ریمنڈ پیٹر ریٹائرڈ آئی اے ایس، آدھر سنہا پرنسپال سکریٹری جی اے ڈی، مہیندر ریڈی کمشنر پولیس حیدرآباد، سندیپ شنڈلیہ کمشنر پولیس رچا کونڈہ، ایم ایم بھگوت کمشنر پولیس سائبر آباد ( ویسٹ ) ، بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی، جی ڈی ارونا کمشنر بیاک ورڈ کلاسیس ویلفیر، بی مہیش دت یکا ( آئی اے ایس )، سید عمر جلیل ، بی شفیع اللہ کے علاوہ ممبر کنوینر کی حیثیت سے وی وکٹر منیجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن کو مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی صدارت میں ٹنڈر کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں مختلف کمپنیوں سے ٹنڈرس طلب کرتے ہوئے کپڑوں کا انتخاب کیا۔ حکومت نے اس پروگرام کیلئے 15 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT