Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / کرسٹیانو رونالڈو کے نام ایک اور ریکارڈ

کرسٹیانو رونالڈو کے نام ایک اور ریکارڈ

لندن، 15 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پرتگال اور ریئل میڈرڈ کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے لالیگا میں اسپنیول کے خلاف پانچ گول داغ کر ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ اسٹرائیکر اسپنیول کے خلاف میچ کے دوران ریئل میڈرڈ کیلئے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بننے کے ساتھ ساتھ لالیگا میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اسپنیول کے خلاف میچ مکمل طور پر پرتگالی اسٹار کے نام رہا جو شروع سے ہی چھائے رہے۔ گزشتہ آٹھ لیگ اور انٹرنیشنل میچوں میں گول سے محروم رونالڈو نے اسپنیول کے خلاف میچ میں صرف ساتویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ دس منٹ بعد ریئل میڈرڈ کو پنالٹی ملی جس پر رونالڈو نے گیند کو جال میں ڈالنے میں کوئی غلطی نہ کی جبکہ تین منٹ بعد انہوں نے ایک بار پھر حریف دفاع کو روندتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ پہلے ہاف کے 28 ویں منٹ میں رونالڈو کے پاس پر بنزیما نے گیند کو گول میں پہنچا دیا جس کے بعد اگلے 17 منٹ تک کوئی گول اسکور نہ ہوا جس پر اسپنیول نے سکھ کا سانس لیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میڈرڈ کو 4-0 کی برتری حاصل تھی۔ تاہم دوسرے ہاف کے 61 ویں اور پھر 81 ویں منٹ میں رونالڈو نے پھر سے گول اسکور کر کے میچ میں اپنا اسکور پانچ کر لیا۔ جب میچ ریفری نے کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا تو اسکو ر بورڈ پر 6-0 کا ہندسہ میچ میں میڈرڈ کی بالادستی کی گواہی دے رہا تھا۔ ان پانچ گولوں کے ساتھ ہی رونالڈو نے ریئل میڈرڈ کیلئے اپنے گول کی تعداد 230 کر لی ہے اور وہ کلب کیلئے سب سے بڑے اسکورر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ اسپین کے راؤل کے پاس تھا جنہوں نے 228 گول بنائے تھے۔ وہ لالیگا میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والوں کی فہرست میں بھی چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں جہاں پہلے نمبر پر 287 گول کے ساتھ ان کے روایتی حریف اور بارسلونا کے اسٹار لیونل میسی موجود ہیں۔

TOPPOPULARRECENT