Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / کرس گیل کیلئے بگ بیش کے دروازے بند

کرس گیل کیلئے بگ بیش کے دروازے بند

ملبورن۔25 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کی ٹوئنٹی20  لیگ بگ بیش کی ٹیم ملبورن رینیگیڈز نے ویسٹ انڈیز کے اوپنر کرس گیل کو رواں سیزن کے لئے ٹیم میں شامل نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ملبورن رینیگیڈز کے چیف ایگزیکٹیو اسٹورٹ کوونٹری نے کہا ہیکہ ہم اپنی ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعلان جلد ہی کریں گے اور ان میں کرس گیل شامل نہیں ہیں۔
ملبورن رینیگیڈز کے اس فیصلے کے ساتھ ہی کرس گیل کے بگ بیش میں شرکت کے امکانات بھی معدوم ہوگئے ہیں کیونکہ دیگر ٹیموں نے غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرلیا ہے جبکہ کچھ ٹیموں کو گیل کے حصول پر دلچپسی نہیں ہے۔کرس گیل بگ بیش لیگ کے گزشتہ سیزن میں خاتون صحافی کے ساتھ ناشائستہ گفتگو کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنے تھے جس پر انھیں معافی بھی مانگنی پڑی تھی اور ان پر جرمانہ بھی عایدکیا گیا تھا۔ انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) میں کرس گیل رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کررہے ہیں جہاں وہ حال ہی میں ایک مرتبہ پھر اسی طرح کے الزامات کی زد میں آئے ہیں۔کرس گیل نے بگ بیش میں شرکت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سب کچھ بھلا کر ٹورنمنٹ میں شرکت کے لئے آسٹریلیا جانا چاہتے ہیں۔ بگ بیش کے گزشتہ سیزن میں انھوں نے 32.5 کی اوسط سے 260 رنز بنائے تھے اور نمایاں کارکردگی 17 گیندوں پر 56 رنز تھی جبکہ یوراج سنگھ کا 12 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT