Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / کرناٹک بی جے پی، علحدہ ریاستی پرچم کی مخالف نہیں: یدی یورپا

کرناٹک بی جے پی، علحدہ ریاستی پرچم کی مخالف نہیں: یدی یورپا

’’ایک قوم ایک پرچم‘‘ پر بی جے پی مرکزی قیادت کے موقف کی تائید کا اعادہ
بنگلورو۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کی بی جے پی یونٹ نے کہا ہیکہ وہ اس ریاست کیلئے علحدہ پرچم کی مخالف نہیں ہے لیکن اپوزیشن قائدین سے مشاورت کے بغیر کمیٹی تشکیل دینے چیف منسٹر سدارامیا کے یکطرفہ فیصلہ کی مذمت کرتی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس یدی یورپا نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’ہماری پارٹی کرناٹک کیلئے علحدہ پرچم کی مخالف نہیں ہے۔ چیف منسٹر سدارامیا نے اپوزیشن سے مشاورت کے بغیر یکطرفہ فیصلہ کیا ہے‘‘۔ تاہم یدی یورپا نے ’’ایک قوم ایک پرچم‘‘ سے متعلق بی جے پی کی مرکزی قیادت کے موقف کی تائید بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کسی ریاست کیلئے علحدہ پرچم کی دستور میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہم ’’ایک قوم اور ایک پرچم ہیں‘‘۔ اس سوال پر کہ آیا 2018ء کے انتخابات کے پیش نظر سدارامیا اس مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں، یدی یورپا نے جواب دیا کہ ’’یہ ہر کسی کو دیکھنا چاہئے مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔ سدارامیا نے گذشتہ روز اس ضمن میں تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ انتخابات مستقبل قریب میں نہیں بلکہ آئندہ سال مقرر ہیں چنانچہ اس مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کا الزام بے بنیاد ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو ریاست کیلئے علحدہ پرچم کی مخالفت میں بیان جاری کر دکھانے کا چیلنج بھی کیا تھا۔ سدارامیا نے کہا کہ ’’کیا بی جے پی کہتی ہیکہ وہ (بی جے پی) کرناٹک کیلئے علحدہ پرچم نہیں چاہتی؟۔ انہیں ایک بیان کرنے دیجئے کہ وہ کرناٹک کیلئے پرچم نہیں چاہتے۔بی جے پی کے افراد ہمیشہ اس قسم کے جھوٹے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں‘‘۔ کرناٹک فی الواقعی علحدہ پرچم کا فیصلہ کرتی ہے تو جموں و کشمیر کے بعد وہ اپنا علحدہ پرچم رکھنے والی ملک کی دوسری ریاست ہوگی۔ کشمیر کو دستور کی دفعہ 370 کے تحت علحدہ پرچم حاصل ہے۔

TOPPOPULARRECENT