Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / کرنسی بندی ‘ مودی حکومت کی ناکامی کا ثبوت

کرنسی بندی ‘ مودی حکومت کی ناکامی کا ثبوت

فیصلہ پر تنقیدیں کرنے والوں کو قوم مخالف قرار دینا غلط ‘ ڈگ وجئے
اندور 24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج ادعا کیا کہ بڑے کرنسی نوٹوں کو بند کرنے کا فیصلہ مودی حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ وہ 5 فیصد ایسے افراد کو نشانہ نہیں بناسکی ہے جن کے پاس کالا دھن ہے ۔ اس کی بجائے اس نے ملک کی مابقی آبادی کیلئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جو لوگ اس فیصلے کی مخالفت کر رہے ہیں اور کرنسی بندی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں انہیں قوم مخالف قرار دئے جانے کی روایت کی بھی مخالفت کی ۔ انہوں نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کالا دھن رکھنے والے پانچ فیصد افراد کے خلاف پھندا تنگ کرنے کے عمل کی نتیجہ میں مابقی 95 فیصد عوام مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ بڑے کرنسی نوٹوں کو بند کرنے کا فیصلہ در اصل مودی حکومت کی ناکامیوں کو ظاہر کرتا ہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے الزام عائد کیا کہ اگر کوئی بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرتا ہے تو بی جے پی قائدین اور مودی بھکتوں کی ایک ٹیم اسے فوری طور پر قوم مخالف یا قوم دشمن قرار دیتی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ایسا ماحول تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت آپ مودی کی ستائش کرتے ہیں تو آپ کو قوم پرست قرار دیا جاتا ہے اور آپ ان کی مخالفت کرتے ہیں تو آپ کو قوم دشمن قرار دیا جاتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT