Monday , March 27 2017
Home / Top Stories / کرنسی معاملتوں میں حالات معمول پر ‘ مارکٹ میں قلت نہیں ‘ جیٹلی

کرنسی معاملتوں میں حالات معمول پر ‘ مارکٹ میں قلت نہیں ‘ جیٹلی

نوٹ بندی دنیا کی سب سے بڑی کارروائی ۔ سکیوریٹی پرنٹنگ اینڈ منٹنگ کارپوریشن کی یوم تاسیس تقریب سے مرکزی وزیر فینانس کا خطاب

نئی دہلی 17 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ملک میں چلن رکھنے والی 86 فیصد کرنسی کو بند کئے جانے کے اندرون چند ہفتے معمول کے حالات بحال کردئے گئے ہیں اور مارکٹ میں نوٹوں کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ کرنسی نوٹ پرنٹنگ پریس ( ریزرو بینک آف انڈیا ) کے علاوہ سکیوریٹی پرنٹنگ اینڈ منٹنگ کارپوریشن آف انڈیا نے کسی وقفہ کے بغیر کام کیا ہے تاکہ نئے بینک نوٹس جاری کئے جاسکیں۔ سکیوریٹی پرنٹنگ اینڈ منٹنگ کارپوریشن کی گیارہویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کی مہم کے دوران سب سے آسان کام تبصرے کرنا اور ریمارکس کرنا تھا ۔ لیکن سب سے مشکل کام اس فیصلے پر عمل آوری کرنا تھا ۔ شائد یہ دنیا کی سب سے بڑی نوٹ بندی مہم تھی جس کا مقصد کرپشن ‘ کالے دھن اور نقلی کرنسی کی جڑوں کو نشانہ بنانا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اکثر یہ تبصرے کر رہے تھے کہ نوٹ بندی کے بعد معمول کے حالات بحال کرنے کیلئے ایک سال کا وقت درکار ہوگا یا کم از کم سات ماہ لگیں گے لیکن اس کام کو چند ہفتوں میں پورا کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نوٹ بندی کے چند ہفتوں کے اندر معمول کے حالات بحال کرلئے گئے ہیں اور ایک دن کیلئے بھی مارکٹ میں بینک نوٹس ( کرنسی ) کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ملک بھر میں ایک بھی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر کسی بے چینی کے بغیر یہ کام کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسی لئے ممکن ہوسکا کیونکہ ریزرو بینک آف انڈیا کے پرنٹنگ پریسوں نے اور منٹنگ کارپوریشن نے مسلسل کام کیا ہے اور سپلائی کا سلسلہ رکنے نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے منٹنگ کارپوریشن کے ملازمین سے ‘ جو اس موقع پر جمع تھے ‘ کہا کہ انہوں نے طویل وقت سے مسلسل کام کیا ہے اور کوئی وقفہ نہیں لیا ہے تاکہ یہ کام موثر ڈھنگ سے مکمل ہوجائے ۔ معاشی امور کے سکریٹری شکتی کانتا داس نے کہا کہ منٹنگ کارپوریشن نے کرنسی نوٹوں کی طباعت کے ذریعہ بہترین کام کیا ہے ۔ اس نے سکے بھی تیار کئے ہیں اور نان جوڈیشیل پیپرس اور اسٹامپس بھی شائع کئے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT