Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کو عوام کی زبردست حمایت

کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کو عوام کی زبردست حمایت

بہتر ہندوستان کے حق میں بینکوں اور اے ٹی ایم کے باہر عوام کی طویل قطاریں ، بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، قرارداد منظور

نئی دہلی ۔22 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کہا کہ بہتر ہندوستان کے لئے بینکوں اور اے ٹی ایمس کے باہر پورے صبر و تحمل کے ساتھ قطار بنائے کھڑے ہوئے ہیں۔ یہ فیصلہ نہایت ہی منظم اور کارکرد ہے ۔ اپوزیشن پارٹیوں کے احتجاج کومبینہ طورپر گھناؤنی کوشش قرار دیتے ہوئے بی جے پی نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیاں پرامن عوام کو مشتعل کرکے تشدد پر آمادہ کررہی ہیں اور بدامنی کو ہوا دینا چاہتی ہیں ۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی میں منظور کردہ قرارداد میں وزیراعظم نریندر مودی کے فیصلے کو تاریخی و انقلابی ، جرأت مندانہ اور قومی مفاد میں موافق غریب فیصلہ قرار دیا۔ قرارداد میں نوٹوں کی منسوخی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سسٹم کو صاف ستھرا بنانے والا ایک قومی پراجکٹ بھی قرار دیا گیا ۔ اس فیصلے سے ملک میں دیانتداری خاص کر سیاسی زندگی میں ایمانداری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور بہتر مستقبل کی توقع پیدا ہوگی ۔ حکومت پر شکنجہ کسنے کے لئے اپوزیشن کی متحدہ کوششوں میں اضافہ کے درمیان پارلیمنٹ میں زعفرانی پارٹی کے ارکان نے بھی اپنے اتحادکا مظاہرہ کرتے ہوئے مودی کے فیصلے کو حق بجانب قرار دیا اور ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے حکومت کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ۔ مودی نے بی جے پی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیکر کہاکہ ان کا یہ قدم ابھی تو شروعات ہے ۔ وہ اس سے زیادہ سخت فیصلے کریں گے ۔ رشوت ستانی اور کالے دھن کے خلاف ان کافیصلہ انقلابی قرار دیا جارہا ہے ۔

حریف پارٹیوں کی گھناؤنی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے پارلیمانی پارٹی قرارداد میں الزام عائد کیا گیا کہ اپوزیشن پارٹیاں عوام کی بڑی تعداد حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں تاکہ وہ وزیراعظم پر دباؤ ڈالتے ہوئے اپنا فیصلہ واپس لینے کیلئے مجبور کرسکیں۔ سسٹم کو صاف ستھرا بنانے کیلئے دیگر موثر اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ وزیراعظم کے عزم کا ساتھ دیتے ہوئے پارلیمانی پارٹی نے مزید کہا کہ ان کی حکومت اپوزیشن کے احتجاج کی پرواہ نہیں کرے گی ۔ اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں ۔ اس نازک گھڑی میں سیاسی پارٹیوں کو ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے بجائے وہ آپس میں باہم تصادم ہورہی ہیں ۔ حکومت نے جو کچھ بھی موقف اختیار کیا ہے یہ عوام کے حق میں ہے ۔ عوام کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے کالا دھن رکھنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ گزشتہ 12 دن کے دوران غریب عام آدمی اور دیگر دیانتدار افراد نے وزیراعظم کے فیصلے کی سراہنا کی ہے ۔ ہمارے ملک میں حالیہ برسوں میں جو واقعات اور بدعنوانیاں ہوئی ہیں اس کا خاتمہ کرنے کے لئے اس طرح کا فیصلہ ضروری تھا ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کی وزیر اطلاعات و نشریات وینکیا نائیڈو نے حمایت کرتے ہوئے اس قرارداد کو منظور کروایا۔ عوام کو درپیش مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا کہ ہر بڑے قدم کیلئے مشکلات کا سامنا کرنے سے ہی بہتر نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ اچھائی کے حصول کیلئے معمولی درد سہنا پڑتا ہے ۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کو اُن کے تاریخی فیصلے پر مبارکباد دی ۔

TOPPOPULARRECENT