Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / کرنل پروہت کی درخواست ضمانت پر آج سپریم کورٹ میں سماعت

کرنل پروہت کی درخواست ضمانت پر آج سپریم کورٹ میں سماعت

ممبئی ہائیکورٹ میں استرداد کے بعد ملزم سپریم کورٹ سے رجوع ‘ جمیعۃ العلما بھی فریق
ممبئی18جولائی(سیاست ڈاٹ کام )مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزم لیفٹننٹ کرنل پرسادپروہت نے ممبئی ہائی کورٹ کی جانب سے اپنی ضمانت عرضداشت مسترد کیے جانے کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ، ضمانت عرضداشت پر کل یعنی 19 جولائی کو سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ کے سامنے سماعت متوقع ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ کی دورکنی بنچ کے جسٹس آر کے اگروال اور جسٹس ابھے منوہر سپرے کی عدالت میں کل ملزم کی جانب سے داخل کردہ ضمانت عرضداشت پر سماعت ہوسکتی ہے کیونکہ اس سے قبل کی سماعت پر عدالت نے حکومت مہاراشٹر سمیت قومی تفتیشی ایجنسی کو نوٹس جاری کیا تھا نیز بم دھماکوں کے متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے سرگرم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کو بھی اس معاملے میں بطور فریق تسلیم کرلیا ہے ۔جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے اس تعلق سے کہا کہ مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزم کرنل شریکانت پروہت کی ضمانت کی مخالفت کرنے جمعیۃ علما نے تیاری کی ہے اور اس تعلق سے سینئر ایڈوکیٹ امریندر شرن(سابق ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا) اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکوں کے متاثرین میں سے ایک نثاراحمد سید بلال جن کا جواں سال فرزند سید اظہر دھماکوں میں شہید ہوگیا تھا کی جانب سے بطور مداخلت کار سپریم کورٹ میں عرضداشت داخل کی گئی تھی جسے گزشتہ سماعت پر عدالت نے قبول کرلیا تھا نیز ملزمین کی ضمانت عرضداشت پر سماعت کے دوران جمعیۃ کے وکلاء ملزم کو ضمانت پر رہا کیے جانے کی سخت لفظوں میں مخالفت کریں گے ۔

ممبئی میں سوائین فلو سے 5 اموات
ممبئی 18 جولائی ( سیاست ڈآٹ کام ) ممبئی میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران سوائین فلو کے وائرس کے نتیجہ میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بلدیہ نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ انفلوئنزا وائرس کے واقعات میں اضافہ بلدیہ کے شعبہ صحت کے حکام کیلئے باعث تشویش ہے ۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک بیان کے بموجب گذشتہ پندرہ دن کے دوران بلدیہ کے تحت کام کرنے والے دواخانوں میں سوائین فلو کے 250 معاملات دیکھنے میں آئے ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ صرف ممبئی میں جاریہ سال جنوری کے بعد سے اب تک سوائین فلو کے 672 واقعات کا پتہ چلا ہے۔ مابقی 202 واقعات ممبئی کے باہر سے تعلق رکھتے ہیں۔ بلدیہ کے بموجب درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ ‘ رطوبت میں اضافہ کی وجہ سے سوائین فلو وائرس کو پھیلنے میں مدد مل رہی ہے ۔ ایسے میں عوام کو احتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT