Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / کرپشن اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے کئی اصلاحی اقدامات

کرپشن اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے کئی اصلاحی اقدامات

سیول سپلائیز میں بے قاعدگیوں کاا عتراف، کارکردگی شفاف بنانے کا عزم، ایٹالہ راجندر کا ایوان میں بیان
حیدرآباد۔ 16 ۔ مارچ ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے کہاکہ محکمہ سیول سپلائیز نے کرپشن اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے کئی اصلاحی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران جی بال راجو کے سوال پر وزیر فینانس نے محکمہ میں بے قاعدگیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس سے محکمہ کی نیک نامی عوام میں متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ فوری طور پر بدعنوانیوں پر قابو پالیا جائے گا۔ تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ 30 تا 35 فیصد بے قاعدگیوں پر کنٹرول کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ سیول سپلائیز کو کرپشن سے پاک اور اس کی کارکردگی کو شفاف بنانے کا عزم رکھتی ہے۔ راجندر نے کہا کہ گزشتہ 20 ماہ میں انہوں نے محکمہ میں سدھار کیلئے 50 سے زائد جائزہ اجلاس منعقد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بوگس راشن کارڈس کے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے گئے اور اسے آدھار کارڈ سے مربوط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نظام تقسیم کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے۔ اصلاحی اقدامات کے تحت ڈیجٹیلائیزیشن آف راشن کارڈ، ڈائنمک ای رجسٹرکی تیاری مختلف سطح پر آن لائین غذائی اجناس کا الاٹمنٹ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی گودام سے فیر پرائیز شاپ تک منتقلی کے دوران نگرانی رکھنے کیلئے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ حیدرآباد میں تجرباتی طور پر 18 فیر پرائیز شاپ کو ای پاس سے مربوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی اجناس کو منتقل کرنے والی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی تاکہ غیر قانونی منتقلی اور ذخیرہ اندوزی کو روکا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT