Friday , October 20 2017
Home / مضامین / کرکٹرس اور فلمی اداکاراؤں کی عاشقی روایتوں پر آج بھی عمل

کرکٹرس اور فلمی اداکاراؤں کی عاشقی روایتوں پر آج بھی عمل

محمد فیاض الدین
برصغیر ہند و پاک میں کرکٹ بہت زیادہ مقبول ہے جس کے نتیجہ میں کرکٹرس یا کرکٹ کھلاڑیوں کو بھی کافی اہمیت دی جاتی ہے۔ ایسا ہی معاملہ فلمی صنعت اور اس سے وابستہ فلم اسٹارس کا بھی ہے۔ خاص طور پر ہندوستان میں لوگ ایک وقت کا کھانا نہیں کھائیں گے لیکن فلم ضرور دیکھیں گے۔ جہاں تک فلمی دنیا کی حسین دوشیزاؤں اور کرکٹرس کے عشق و محبت کا سوال ہے، یہ ایک قدیم روایت ہے جس پر ہمارے کرکٹرس اور فلم اداکارائیں بڑی پابندی سے عمل کررہی ہیں۔ تاہم ایک بات کہی جاسکتی ہے کہ کسی بھی کرکٹر کے ساتھ اپنا نام جوڑنے سے فلم اداکاراؤں کو بنا کسی محنت اور مصارف کے کافی شہرت بھی مل جاتی ہے۔ فلمی حسیناؤں (ہیروئن) اور کرکٹ کھلاڑیوں کے عشق کے معاملہ میں ٹائیگر منصور علی خاں پٹوڈی اور شرمیلا ٹائیگور، ویسٹ انڈیز کے افسانوی کھلاڑی گیری سوبرس اور انجو مہندرو ، سلیم درانی اور پروین بابی ، سرینواسا راگھون وینکٹ راگھون اور ڈرم گرل ہیما مالینی روی شاستری ۔ امریتا سنگھ، سندیپ پاٹل اور دیپا شری، رائے ، کپل دیو اور ساریکا، اظہرالدین اور سنگیتا بجلائی، اجئے جڈیجہ مادھوری ڈکشٹ، سورو گنگولی اور نغمہ، یوراج سنگھ اور دپیکا پڈوکون، مہندر سنگھ دھونی دپیکا پڈوکون، اسپنر ہربھجن سنگھ اور گیتا سرا ، ظہیر خان اور اداکارہ ایشا شروانی ، کے سری سانت اور شریا سرن، عمران خان زینت امان، محسن خان اور رینائے، وسیم اکرم، سشمیتا سین، شعیب ملک ، سیالی بھگت، ویوون رچرڈس اور نینا گپتا کے علاوہ انگلینڈ کے کرکٹر ممتاز افضل اور امریتا ارورہ کے معاشقوں کے بارے میں ساری دنیا جانتی ہے۔ فی الوقت ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین ویراٹ کوہلی اور فلم اداکارہ انوشکا شرما کے عشق کے کافی چرچے ہیں۔ اس تشہیر سے سب سے زیادہ فائدہ انوشکا شرما کو حاصل ہورہا ہے۔ وہ مفت میں شہرت بٹور رہی ہیں۔ حال ہی میں آؤٹ لک میگزین میں فلم ہیروئنس اور کرکٹرس کے بارے میں ایک تفصیلی مضمون منظر عام پر آیا ہے جس میں کرکٹ کھلاڑیوں اور فلمی ہیروئنس کی عاشقی و رومانس کی یادیں تازہ کی گئیں جہاں تک انوشکا شرما اور ویراٹ کوہلی کے عشق کا سوال ہے اس میں ابتدائی مرحلوں میں ہی نشیب و فراز دیکھے جارہے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ انوشکا کو ویراٹ کوہلی سے زیادہ اپنے فلمی کرئیر سے دلچسپی ہے۔ ویراٹ کوہلی تو صرف سستی شہرت حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ دونوں ملک و بیرون ملک ایک دوسرے کے ساتھ دیکھے جارہے ہیں لیکن ایسا نہیں لگتا کہ یہ عشق دونوں کو شادی کی منزل تک لے جائے گا۔ اگر دیکھا جائے تو کرکٹر اور فلمی اداکاراؤں کے عشق میں نواب منصور علی خاں پٹوڈی اور کشمیر کی کلی شرمیلا ٹیگور کا عشق بلکہ شادی بھی کامیاب رہی۔ فی الوقت شرمیلا ٹیگور منصور علی خاں مرحوم کی بیوہ کی حیثیت سے زندگی گزار رہی ہیں۔

 

سہا علی خاں اور سیف علی خاں کی ماں شرمیلا اور منصور علی خاں کو بالی ووڈ اور کرکٹ کی دنیا کا پہلا کامیاب جوڑا قرار دیا جاتا رہا ہے اور یہ حقیقت بھی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ شرمیلا ٹیگور اور ٹائیگر پٹوڈی کی ملاقات 1965 ء میں دہلی میں ہوئی۔ ٹائیگر شرمیلا کے حسن سے کافی متاثر ہوئے اور اس ملاقات نے دونوں کو اس قدر قریب کردیا کہ ٹائیگر پٹوڈی نے اپنی محبوبہ شرمیلا کو شادی کی پیشکش کردی۔ تاہم بنگالی حسینہ کو اپنی بیگم بنانے میں پٹوڈی کو کافی مشکلات پیش آئیں کیوں کہ دونوں مختلف مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ جبکہ شرمیلا کا ایک معمولی خاندان سے اور منصور علی خاں پٹوڈی کا نوابی خاندان سے تعلق تھا لیکن یہاں پیار کی جیت ہوئی۔ اس دور میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی گیری سوبرس اور انجو مہیندرو کے عشق کے بھی کافی چرچے رہے۔ گیری سوبرس کو جب ویسٹ انڈیز کے 1966-67 ء کے دورہ ہند کے دوران 17 سالہ حسینہ انجو مہندرو سے ملایا گیا ، کہا جاتا ہے کہ اس وقت وہ راجیش کھنہ کے عشق میں گرفتار تھی۔ یہاں تک کہ ان کی رسم منگنی بھی انجام پا گئی تھی لیکن گیری سوبرس کی جانب سے کی گئی شادی کی پیشکش کو انجو مہندرو کے قبول کرنے پر راجیش کھنہ اور انجو مہندرو کے تعلقات بھی ختم ہوگئے۔ سوبر اور انجو کچھ عرصہ ایک دوسرے سے رابطے میں رہے۔ اس وقت سوبرس انگلینڈ میں ٹوٹنگم شائر کیلئے کھیلنے میں مصروف تھے تاہم سوبرس نے انجو مہندرو سے شادی کے بجائے اپنی آسٹریلیائی گرل فرینڈ پروکربی سے ستمبر 1967ء میں شادی کرلی۔ اس سے قبل انھوں نے انجو کو نہ صرف آگاہ کیا بلکہ ان سے اجازت بھی حاصل کی۔ اس شادی سے سوبرس کو دو بیٹے میتھیو اور ڈینیل ہوئے اور انھوں نے ایک لڑکی جنیویو کو بھی گود لیا۔ تاہم 1984 ء میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی اور پھر 1990 ء میں نوبت طلاق تک پہنچ گئی۔ سوبرس نے اپنی خود نوشت سوانح حیات میں انجو مہندرو کی زبردست ستائش کرتے ہوئے انھیں ایک عمدہ شخصیت سے تعبیر کیا اور لکھا کہ انھوں نے انجو سے شادی کا ارادہ کرلیا تھا لیکن اس کے لئے انگلینڈ میں انھیں ایک مخصوص رقم جمع کرنی پڑتی۔ اب چلتے ہیں عالم کرکٹ کے ایک اور خوبرو کھلاڑی سلیم درانی کی طرف۔ وہ کابل میں پیدا ہوئے، پٹھان تھے لیکن جام نگر میں پرورش پائی۔ سلیم درانی کو اس پہلے ہندوستانی کرکٹر کا اعزاز حاصل ہے جس نے کسی فلم میں اہم رول ادا کیا ہو۔ 1973 ء میں انھوں نے بالی ووڈ فلم چرترا میں حسین اداکارہ پروین بابی کے مقابل ہیرو کا کردار ادا کیا۔ کہا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان مختصر سے عرصہ تک عشق بھی جاری رہا جو بالی ووڈ سے لے کر کرکٹ کی دنیا میں موضوع بحث بنا رہا۔ سلیم درانی کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ ہندوستان کے اُن چار کرکٹ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن کی لڑکیاں دیوانی ہوا کرتی تھیں۔ دیگر تین میں گنڈپا وشوانا، کپل دیو اور یقینا سچن تنڈولکر شامل ہیں۔ سلیم درانی کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ 1972-73 ء میں ٹونی گرے اور درانی کی دلچسپی ایک ہوٹل ریسپشنسٹ کی تئیں بڑھ گئیں اور دونوں میں اس بات کے لئے مقابلہ شروع ہوگیا اور دونوں نے شرط لگائی کہ وہ حسینہ پہلے کس کے دام اُلفت میں گرفتار ہوگی لیکن صرف آدھے گھنٹے میں وہ لڑکی سلیم درانی کے کمرے میں موجود تھی جبکہ انگلینڈ کے سابق کپتان اپنے ہاتھ اور آنکھ ملتے رہ گئے۔ کسی دور میں سرینواس راگھون وینکٹ راگھون کا نام ڈرم گرل ہیما مالنی کے ساتھ جوڑا جاتا تھا۔ روی شاستری اور امریتا سنگھ کے بارے میں بھی یہ بات مشہور تھی کہ دونوں ایک دوسرے کے عشق میں گرفتار ہیں۔ روی شاستری کے ساتھ بالی ووڈ کی دیگر حسیناؤں کے نام بھی جوڑے گئے لیکن انھوں نے کسی ہیروئن سے شادی کرنے کی غلطی نہیں کی۔ بلکہ ریتو نامی ایک حسینہ سے شادی کرلی۔ جواب میں امریتا سنگھ ٹائیگر پٹوڈی اور شرمیلا ٹیگور کے بیٹے سیف علی خاں کے ساتھ ازدواجی بندھن میں بند گئیں۔ سیف علی خاں امریتا سے عمر میں پانچ سال چھوٹے تھے۔ ہندوستانی کرکٹ میں سندیپ پاٹل کو بہت ہی ہینڈسم کہا جاتا تھا۔ ان کا نام دیبا شری رائے اور دیگر کئی اداکاراؤں سے جوڑا گیا۔ دیبا شری رائے فلم کبھی اجنبی میں سندیپ پاٹل کی ہیروئن تھیں۔ اس وقت شائقین کرکٹ میں سندیپ پاٹل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا۔ انھوں نے آسٹریلیا میں ایک ٹسٹ میں 220 گیندوں میں 174 رنز اسکور کرتے ہوئے اپنا ایک منفرد مقام بنالیا تھا۔ ان کے اسکور میں 22چوکے اور ایک چھکہ شامل تھا۔ فلم کبھی اجنبی بُری طرح ناکام رہی جس کے بعد سندیپ پاٹل نے فلموں میں دوبارہ کام نہ کرنے کا تہیہ کرلیا۔ 1983 ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑیوں بشمول سید کرمانی نے اس میں مختصر کردار ادا کئے تھے۔ ہندوستان کو 1983 ء میں پہلا ورلڈ کپ جتانے والے کپل دیو کے بارے میں یہ کہا جاتا تھا کہ ہندی فلموں کی اداکارہ ساریکا کے عشق میں وہ گرفتار تھے۔ 1980 ء کی بات ہے ان کے بارے میں یہ بھی افواہیں تھیں کہ وہ دوسری لڑکیوں کے ساتھ بھی وقت گزارا کرتے تھے۔ لیکن ساریکا اور نہ ہی کوئی دوسری محبوبہ ان کی بیوی بن سکی بلکہ رومی بھاٹیہ کو ان کی بیوی بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ کپل اور رومی بھاٹیہ خوشحال ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے شادی شدہ اور دو بچوں کے باپ رہنے کے باوجود ماڈل اور سابق مس انڈیا سنگیتا بجلانی سے عشق کیا اور پھر شادی کرلی۔ انھوں نے اپنی پہلی بیوی نورین کو طلاق دی۔ اظہرالدین کے ایک اور دوست اجئے جڈیجہ کے عشق کے کافی چرچے رہے۔ مادھوری ڈکشٹ، روینہ ٹنڈن اور تبو جیسی اداکاراؤں کے ساتھ ان کے نام جوڑے گئے۔ بنگالی بابو سورو گنگولی کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ وہ جنوبی ہند کی اداکارہ نغمہ کے عشق میں گرفتار تھے اور ایک ساتھ کئی مقامات کا دورہ کیا۔ سورو گنگولی کی اہلیہ ڈونا اس بات سے بے خبر تھی کہ آحر ہو کیا رہا ہے لیکن اس سے پہلے کہ یہ عشق گنگولی کی شادی شدہ زندگی کو تباہ کرتا خود بخود اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ اس طرح کرکٹر یوراج سنگھ کے کم شرما، دپیکا پڈوکون کے ساتھ عشق کے کافی چرچے رہے۔ دپیکا پڈوکون کی زندگی میں آنے والے مردوں میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا نام بھی سرفہرست ہے لیکن بعد میں دھونی نے ساکشی سنگھ سے شادی کرلی اور دپیکا پڈوکون کو بالی ووڈ میں ہی نئے عاشق مل گئے۔ اسپنر ہربھجن سنگھ اس لئے خوش قسمت رہے کہ انھوں نے فلم اداکارہ گیتا بسرا سے عشق لڑایا بلکہ انھیں اپنی زندگی بھی شامل کیا۔ ظہیر خان اور ایشا شروانی کا بھی عشق خبروں میں اپنی جگہ بناتا رہا۔ عاشقی کے معاملہ میں سری سانت بھی کافی بدنام ہوئے۔ ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان اور زینت امان کے معاشقہ نے کافی دھوم مچائی لیکن وہ عشق ماضی کی ایک داستان بن کر رہ گیا۔ پاکستان کرکٹ کے ایک اور اہم کھلاڑی محسن خان نے رینا رائے سے نہ صرف عشق کیا بلکہ انھیں اپنی بیگم بھی بنایا تاہم یہ شادی ناکام ہوگئی۔ رینا رائے ہندوستان لوٹ آئی اور محسن خان اپنی زندگی کے اُمور میں مصروف ہوگئے۔ وسیم اکرم اور سشمیتا سین کے عشق کے چرچے بھی عام رہے لیکن انھوں نے آسٹریلیائی گرل فرینڈ شانیرا تھامسن سے شادی کرلی۔ ویون رچرڈس اور نائنا گپتا کے ناجائز تعلقات بھی خبروں نے دھوم مچائی۔ ان تعلقات سے مسابہ نامی لڑکی پیدا ہوئی جس کی حال ہی میں شادی ہوئی۔ بہرحال کرکٹ اور فلم انڈسٹری کا گہرا تعلق رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT