Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کے درمیان مالی تنازعہ ختم

کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کے درمیان مالی تنازعہ ختم

ملبورن۔4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کے درمیان ایک عرصے سے جاری مالی تنازعہ حل ہوگیا ہے جس کے ساتھ ہی ایشز سیریز پر منڈلانے والے سیاہ بادل چھٹ گئے ہیں جبکہ آسٹریلیائی ٹیم اب بنگلہ دیش کا دورہ بھی کریگی۔کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او اور آسٹریلین کرکٹ اسوسی ایشن کے سی ای او جیمز سدرلینڈ نے ملبورن میں پریس کانفرنس کے دوران دس ماہ سے جاری مالی تنازعہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔اس تنازعہ کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب کرکٹ آسٹریلیا نے مارچ میں مرد اور خواتین کرکٹرز کیلئے تنخواہ اور آمدنی کا نیا ضابطہ متعارف کرایا تھا جس کے تحت بورڈ کی آمدنی میں سے کھلاڑیوں کو ملنے والے حصے کو ختم کردیا گیا تھا اور اس کو بنیاد بنا کر آسٹریلین کرکٹرز اسوسی ایشن نے نئے معاہدے کو ماننے سے انکار کردیا۔ معاہدے کی مدت 30 جون کو ختم ہو گئی تھی اور نیا معاہدہ طے نہیں پایا تھا جس کے سبب آسٹریلیا کے تقریباً 230 انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹرز بے روزگار ہو گئے ہیں۔تاہم اب فریقین باہمی رضامند سے معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جہاں پانچ سالہ معاہدے کے تحت 500ملین آسٹریلین ڈالرز کھلاڑیوں کو ملیں گے جہاں کھلاڑیوں کو بورڈ کے منافع میں حصہ بھی ملے گا۔اس تنازعہ کے ختم ہونے کے بعد آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں وہ دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ٹیم دورے کا آغاز دو روزہ ٹور میچ سے کرے گی، یہ میچ 22 تا 23 اگست تک کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ 27 سے 31 اگست تک میرپور جبکہ دوسرا ٹسٹ 4 سے 8 ستمبر تک چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT