Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / کرکٹ مسئلہ پر دارالسلام احاطہ میں دو گروپس کے درمیان جھگڑا

کرکٹ مسئلہ پر دارالسلام احاطہ میں دو گروپس کے درمیان جھگڑا

مقامی جماعت کے قائدین کی جوشیلی تقاریر ‘مشتعل اکثریتی طبقہ کیلئے حالات بگاڑنے کا بہانہ
حیدرآباد ۔ /23 جولائی (سیاست نیوز) دارالسلام کے احاطہ میں آج کرکٹ میاچ کے دوران دو گروپس میں تصادم ہوا ۔ اکثریتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں پر حملہ کیا اور شدید زدوکوب کرکے زخمی کیا ۔ اس واقعہ کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علاقہ میں چوکسی اختیار کرلی اور پکٹس متعین کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرکٹ کھیلنے کے مقام پر آرمڈ ریزرو پولیس کانسٹبل سریش کمار نے اپنی گاڑی کھڑا کی جس پر کرکٹ کھیلنے میں مصروف نوجوانوں نے اعتراض کیا اور گاڑی ہٹانے کے لئے زور دیا لیکن اس نے بحث کرتے ہوئے نوجوانوں کی پٹائی کی ۔ اس واقعہ میں سید پرویز اور عامر خاں ساکن پٹیل نگر زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا جہاں ان کی آؤٹ پیشٹ کی حیثیت سے مرہم پٹی کی گئی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ کشیدگی کی فضاء کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ایک طرف بی جے پی نے تلنگانہ میں اپنی جڑوں کو مضبوط کرنے کا خفیہ ایجنڈہ تیار کیا ہے تو دوسری طرف مقامی جماعت کی جوشیلی اور جذباتی تقاریر اکثریتی طبقہ کے افراد کو مشتعل کرنے کی موجب بنتی جارہی ہیں ۔ دوسری طرف بی جے پی فرقہ وارانہ کشیدگی کے ذریعہ فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کانسٹبل سریش کمار ساکن سرسوتی دیانند نگر جو حالت نشہ میں تھا دارالسلام احاطہ میں گھس کر مسلم نوجوانوں کی جانب سے کھیلے جارہے کرکٹ میچ کو دیکھ رہا تھا اور عمداً اس نے مبینہ طور پر اشتعال انگیزی کی جس کے سبب فرقہ وارانہ نوعیت کے حالات پیدا ہوگئے تھے ۔ سریش کمار کو بھی مقامی نوجوانوں نے معمولی زدوکوب کیا اور اس بات کی اطلاع ملنے پر کانسٹبل کے دوست دارالسلام میں آکر نوجوانوں پر حملہ کردیا ۔ بعض نوجوانوں نے سریش کمار اور اس کے ساتھیوں کا تعاقب کیا جس کے نتیجہ میں سنگباری کا معمولی واقعہ پیش آیا اور وہاں پر موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہونچا ۔ احاطہ دارالسلام میں فرقہ وارانہ نوعیت کے حالات پیدا ہونے کے نتیجہ میں حبیب نگر پولیس کے علاوہ کمشنر ٹاسک فورس کی ٹیمیں پہونچ گئی اور بھاری پولیس فورس کو متعین کردیا گیا ۔ پولیس نے سختی سے حالات سے نمٹنے کیلئے علاقہ میں پولیس فورس کی گشت میں شدت پیدا کردی اور مذکورہ علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جارہا ہے ۔ انسپکٹر حبیب نگر مسٹر پی مدھوکر سوامی نے بتایا کہ اس واقعہ سے متعلق دونوں فریقین سے شکایتیں موصول ہوئی ہیں اور اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے ۔

 

TOPPOPULARRECENT