Monday , June 26 2017
Home / جرائم و حادثات / کرکٹ میچ کے دوران زخمی نوجوان فوت

کرکٹ میچ کے دوران زخمی نوجوان فوت

مختلف زاویوں سے پولیس تحقیقات ، دوستوں کے اصرار پر میرا لڑکا میدان پہونچا تھا : والد

حیدرآباد ۔ /16 مئی (سیاست نیوز) میرعالم عیدگاہ گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کے دوران زخمی ہونے والا ایک نوجوان زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ تفصیلات کے بموجب 22 سالہ محمد عبدالواجد ساکن رنمست پورہ /14 مئی کو اپنے دوست پرویز کی جانب سے کرکٹ میچ کھیلنے کیلئے عیدگاہ میرعالم گراؤنڈ گیا ہوا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ میچ کے دوران اس کے سر پر گہرا زخم آنے کے سبب وہ شدید زخمی ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں اسے کاچی گوڑہ میں واقع ایک خانگی دواخانہ منتقل کیا اور بعد ازاں ڈاکٹروں کے مشورے پر نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسنس پنجہ گٹہ میں شریک کیا گیا تھا ۔ نوجوان جو گزشتہ دو دن سے زیرعلاج تھا آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ واجد کی موت واقع ہونے کی اطلاع پر بہادر پورہ پولیس نے اس کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے بعد پوسٹ مارٹم ورثا کے حوالے کردیا ۔ متوفی نوجوان کے والد محمد عبدالستار نے بتایا کہ ان کے فرزند کو دوستوں نے فون کرکے کرکٹ کھیلنے کے بہانے طلب کیا تھا اور بیاٹ سے سر پر حملہ کرکے قتل کردیا ۔ لڑکے کے والد نے یہ الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے کو منصوبہ بند طریقہ سے ہلاک کیا گیا ہے اور اس واقعہ کی پولیس تفصیلی تحقیقات کرے ۔ اس سلسلے میں ربط پیدا کئے جانے پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ بہادر پورہ پولیس نے محمد عبدالواجد کی موت سے متعلق ایک مقدمہ تعزیرات ہند کے دفعہ 304(II) کے تحت درج کیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ سر پر گہرا زخم ہونے کے سبب نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے اور پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ کیا کھیل کے دوران نوجوان گرنے سے سرپر گہرا زخم آیا ہے یا کسی دوسرے نوجوان کی جانب سے اس کے سر پر کرکٹ بیاٹ یا وکٹ سے حملہ کیا گیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT