Wednesday , September 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کریم نگر میں بی جے پی کی ترنگا یاترا

کریم نگر میں بی جے پی کی ترنگا یاترا

کریم نگر۔/17 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انگریزوں، نظام رضاکاروں سے تلنگانہ کی آزادی دلوانے والے دانشوروں کی تاریخ سے عوام کو واقف کرواتے ہوئے نوجوانوں میں ملک کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے ترنگا یاترا پروگرام کی شروعات کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے ترنگا یاترا میں کیا۔ کیپٹن رگھونندن راؤ کے مجسمہ پر پھول مالا ڈال کر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترنگا یاترا کو 23اگسٹ تک جاری رکھا جائے گا اور اسی دوران مجاہدین آزادی کو تہنیت بھی پیش کی جائے گی۔ نظام حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے والے اور جان کی قربانی دینے والے کمرم بھیم، انا بھیری پربھاکر راؤ، چاکلی آئیلماں، دوڑی کمریا جیسے مجاہدین آزادی کو تعلیمی نصاب میں جگہ دیئے جانے کے لئے نمائندگی کی جائے گی اور 17ستمبر کو آزادی تلنگانہ یوم سرکاری طور پر منعقد کئے جانے کا حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا۔ امید ہے کہ کے سی آر عوام کی دلی خواہش کا احترام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس پارٹی بھی کے سی آر کی خوشامد میں لگی ہوئی ہے۔2019 کے الیکشن میں ساری ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا اقتدار لانے کی حتی الامکان کوشش کی جائے گی۔

کریم نگر میں وی آر او اے سی بی کے جال میں
کریم نگر۔/17اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر کے متوطن اور سیدا پور منڈل کے مواضعات دیودیناپلی وینکا پلی کے وی آر او رمیش نے دیودینا پلی کے کسان تاٹی پلی راج ریڈی سے وراثتی اراضی میں نام کی تبدیلی کے لئے پندرہ ہزار روپئے رشوت طلب کی۔ سروے نمبر 487 میں 9گنٹے اراضی راج ریڈی کے والد تروپت ریڈی کے نام سے موجود تھی اس کے نام کی تبدیلی کے لئے وی آر او رمیش سے رجوع ہونے پر رشوت طلب کی۔ راج ریڈی نے سی بی آئی کے عہدیداروں کو یہ بات بتادی چنانچہ کریم نگر میں شام کے 6:40 بجے بس اسٹانڈ آؤٹ گیٹ کے پاس رمیش کو کسان راج ریڈی سے آٹھ ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا اور ڈی ایس پی سدرشن ریڈی کو اطلاع دی گئی۔ سیدا پور کے دفتر میں پہانی ریکارڈس کی تنقیح کی گئی اور دیگر بدعنوانیوں کا بھی پتہ چلا۔ رمیش کو عدالت کی تحویل میں دے دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT