Friday , August 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کریم نگر میں موضوعاتی مشاعرہ کا انعقاد

کریم نگر میں موضوعاتی مشاعرہ کا انعقاد

کریم نگر۔/9مئی، ( فیکس ) ادارہ ادب اسلامی کریم نگر کے زیراہتمام مسلم پرسنل لاء مہم کے ضمن میں موضوعاتی مشاعرہ این این گارڈن کارخانہ گڈہ کریم نگر میں منعقد ہوا۔ جس میں مہمان شعراء ریاض تنہا ریاستی صدر ادارہ، صابر کاغذنگری، جلال اکبر نظام آباد، عسکر نرملی، اظہر کورٹلوی، اقبال درد ورنگل کے علاوہ مقامی شعراء فیصل وارثی، امجد سلیم امجد، مخدوم شاکر نے موضوعاتی کلام پیش کیا۔ شہر کریم نگر کے بزرگ شاعر جناب شیخ افضل علی واورثی کا نعتیہ کلام اشفاق علی وارثی نے اور موصوف کا موضوعاتی کلام ارشد وارثی نے ترنم میں پیش کیا اور داد تحسین حاصل کی۔ خواجہ مہیمن الدین نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیئے۔ ابتدائی کارروائی کنوینر مشاعرہ فیصل وارثی نے چلائی۔ قبل ازیں محمد عبدالفتح لطیفی کی قرأت کلام پاک معہ ترجمانی سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ مولانا خیر الدین امیر مقامی و سرپرست ادارہ نے مسلم پرسنل لا مہم کا جامع تعارف پیش کیا۔ جناب عبدالحئی، شعیب لطیفی ناظم ضلع نے صدارتی خطاب میں کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن شریعت میں بے جا مداخلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ مہمانان خصوصی محمد عارف الدین کارپوریٹر ٹی آر ایس ، شیخ محمود صدر ایم پی جے، محمد حامد حسین صدر بزم شاہین و تہذیبی سفیر، جناب محمد اختر علی نائب صدر مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی، منصور توکلی متولی درگاہ حضرت کریم اللہ شاہ صاحبؒ، سید معز الدین سینئر جرنلسٹ و نامہ نگار روز نامہ سیاست، ریاض علی رضوی صدر مولانا آزاد ایجوکیشن سوسائٹی، خواجہ سرور الدین، ڈاکٹر بشیر احمد، عبدالصمد نواب ، حمید الحق قادری نے شرکت کی۔ محمد نسیم الدین انجینئر و صدر مسلم سینئر سٹیزنس نے مشاعرہ کیلئے نیک توقعات کا اظہار کیا۔ صدر ادارہ بشیر الدین حیدر نے اظہار تشکر کیا۔

TOPPOPULARRECENT