Monday , September 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کریم نگر میں وقف اراضیات کے تحفظ کیلئے جدوجہد

کریم نگر میں وقف اراضیات کے تحفظ کیلئے جدوجہد

مشاورتی اجلاس ‘ سیاسی قائدین و عہدیداروں سے تعاون حاصل کئے جائیں گے

کریم نگر ۔ 24 ۔ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہوٹل مانیر میں 23 نومبر کو زیرصدارت جناب شیخ ابوبکر خالد کریم نگر ، جگتیال ، سرسلہ اور پداپلی میں حالیہ تشکیل شدہ اوقاف کی اراضیات کے تحفظ کے ضمن میں درد مند حضرات کے ساتھ کمیٹیوں کے صدور ، ارکان کا تعارفی اور مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ۔ محکمہ اوقاف کی لاپرواہی یا چند مفاد پرست افراد کی سازشوں کی وجہ سے ان جائیدادوں پر غیرمجاز قبضہ کر لیا گیا۔ اس کی بازیابی کیلئے کچھ دن قبل کریم نگر میں پروٹیکشن اینڈ ڈیولپمنٹ آف وقف پراپرٹیز کمیٹی ضلع کریم نگر قائم کی گئی جس کا رجسٹریشن نمبر 1137/2016 ہے جس کے صدر کی حیثیت سے شیخ ابوبکر خالد کو چن لیا گیا اور جنرل سکریٹری ظہور خالد ، نائب صدر محمد اختر علی ، ایم اے صمد نواب جوائنٹ سکریٹری ، وسیم الدین احمد ، ایم اے متین اسی طرح دیگر اور ارکان کو چن لیا گیا ۔ اس کے بعد ضلع کی تقسیم عمل میں آچکی ہے ۔ ضلع کریم نگر کے چار ٹکڑے کردیئے گئے ۔ اس میں مزید تین اضلاع پداپلی ، جگتیال ، سرسلہ قائم کیا گیا اور ان اضلاع کی سطح پر بھی اس نام سے وقف پروٹیکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کی تشکیل عمل میں آچکی ہے ۔ جناب ظہور خالد نے اس کے اغراض و مقاصد اور آئندہ کی منصوبہ بندی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ فی الحال بآسانی ہم جن وقف جائیدادوں کو حاصل کرسکتے ہیں ان کے حصول کیلئے کوشش کریں گے اور ایسی کچھ جائیدادوں کی نشاندہی بھی کرڈالی ہے ۔ انہوں نے اضلاع کی کمیٹیوں کو مشورہ دیا کہ ضلعی عہدیداروں اور سیاسی قائدین سے تعاون حاصل کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کی کوشش کریں ۔ عبدالصمد نواب نے ایلگندل کی شاہی عیدگاہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں عدم نگرانی کی وجہ سے میناروں کے اندر شراب نوشی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اوقاف کے عہدیداروں سے ملاقات کر کے مشورہ بھی حاصل کرچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2006 میں اوقاف کا ریکارڈ حاصل کر کے ریونیو میں درج کروایا گیا تاہم اس کی جانچ نہیں کی گئی نہ نگرانی ۔ چنانچہ اس میں دھاندلیاں ہوچکی ہیں ۔ اجلاس میں موجود وقف انسپکٹرس سے خواہش کی گئی کہ فرض شناسی کے ساتھ خدمت انجام دیں اور وقف جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے حصاربندی کریںیا بورڈ لگائیں ۔ ہر ضلع میں قائم اوقاف تحفظ کمیٹیوں کو تعاون دیں جس میں وہاں کے مساجد کے ائمہ اور دیگر بزرگ شامل ہیں ۔ ان کمیٹیوں میں وظیفہ یاب رجسٹرار ، ریونیو عہدیدار شامل ہیں ان سے مشورہ کیا ۔ اس موقع پر سرسلہ مساجد کمیٹی صدر یوسف ، جگتیال کے شعیب الحق طالب ، پداپلی کے وجاہت اللہ ایاز ، اوقاف انسپکٹر کریم نگر نصیرالدین ، پداپلی کے محمد فیاض ، جگتیال کے انسپکٹر غیاث صاحب نے اپنے تعاون کا تیقن دیتے ہوئے کچھ تجاویز پیش کئے ۔ کورٹلہ کے نعیم الدین بیڑی صنعت کار نے کہا کہ پچھلے 7 سال سے عدالتوں میں مقدموں کے اخراجات برداشت کئے اور آئندہ بھی جو اخراجات ہوں گے برداشت کرنے کا اعلان کیا ۔ 8 ایکڑ تری جو غیروں کے قبضہ میں تھی انہوں نے حاصل کی ہے ۔ آخر میں صدر کمیٹی ابوبکر خالد نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کمیٹیوں کے ذمہ داران کو مشورہ دیا کہ اپنے اپنے ضلع کی عوام میں شعور بیدار کریں ۔ اس اجلاس میں وسیم احمد ، اختر علی ، عبدالرقیب حامد لطیفی شریک تھے ۔

TOPPOPULARRECENT