Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کسانوں کی ابتر صورتحال پر راہول گاندھی کے مگرمچھ کے آنسو

کسانوں کی ابتر صورتحال پر راہول گاندھی کے مگرمچھ کے آنسو

نائب صدر کانگریس کا دورہ و پدیاترا دکھاوا ، ٹی آر ایس ایم پی کے کویتا کا ردعمل
حیدرآباد۔/24جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کسانوں کی ابتر صورتحال پر مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں کسانوں سے ہمدردی کے اظہار کیلئے راہول گاندھی کا دورہ اور پدیاترا محض ایک دکھاوا ہے۔ اس طرح کانگریس پارٹی دوبارہ کسانوں کی تائید و ہمدردی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات کا راہول گاندھی کو جائزہ لینا چاہیئے اور اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی معافی کیلئے گوداوری پشکرم میں مقدس ڈبکی لگانی چاہیئے۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں کی بڑی تعداد میں خودکشی کا بعض گوشوں کی جانب سے پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے کسانوں سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے اور پہلے مرحلہ میں کسانوں کے قرضوں کا مناسب حصہ معاف کیا گیا جس کا کہ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے دوروں اور کسانوں سے ملاقات سے کانگریس پارٹی کو بھلے ہی کچھ فائدہ حاصل ہو لیکن اس سے کسانوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ سیاسی مقصد براری کیلئے اس طرح کے دورے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کا دورہ کرنے سے پہلے راہول گاندھی کو کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں کسانوں اور عوام کی صورتحال کا جائزہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری پشکرالو کا کل اختتام عمل میں آئیگا اور تلنگانہ حکومت نے ہر گھاٹ پر عوام کی سہولت کیلئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT