Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / کسانوں کی خودکشی پر اپوزیشن کی سیاسی مقصد براری

کسانوں کی خودکشی پر اپوزیشن کی سیاسی مقصد براری

کانگریس و تلگو دیشم کو اظہار ہمدردی کا حق نہیں ، ٹی آر ایس ایم پی بی سمن کا بیان
حیدرآباد۔ 16 ۔  ستمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے الزام عائد کیا کہ سابقہ حکمرانوں کی جانب سے زرعی شعبہ کو نظرانداز کئے جانے کے سبب کسانوں کی خودکشی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے کسانوں کی خودکشی کے معاملات پر اپوزیشن جماعتوں پر سیاسی مقصد براری کی کوشش کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگو دیشم کو کسانوں کی ہمدردی کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ ان دونوں پارٹیوں کے دور حکومت میں زرعی شعبہ کو نظر انداز کردیا گیا تھا جس کے باعث ہزاروں کسانوں نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی حکومتوں کے دوران کسانوں کی خودکشی پر خاموشی اختیار کرنے والے قائدین کو ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کا کوئی حق نہیں۔ تلگو دیشم اور کانگریس قائدین کو چاہئے کہ وہ پہلے اپنا محاسبہ کریں اور عوام کو بتائیں کہ ان کی حکومتوں نے کسانوں کی بھلائی کیلئے کیا اقدامات کئے تھے۔ سمن نے کہا کہ آندھرائی حکمرانوں میں تلنگانہ کو نظرانداز کردیا اور ان پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین خاموش تماشائی بنے رہے۔ آج جبکہ ٹی آر ایس حکومت کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کر رہی ہے ، یہ پارٹیاں بے بنیاد الزامات کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبہ کو نقصان سے بچانے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے ہیں۔ خشک سالی کے خاتمہ کے لئے مشن کاکتیہ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ خودکشی کے واقعات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے ان کی روک تھام کیلئے حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کریں۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کی بھلائی کیلئے کام کر رہی ہے اور عوام اس کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT