Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کسانوں کی خود کشی پر اپوزیشن کی سیاست

کسانوں کی خود کشی پر اپوزیشن کی سیاست

حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرنے کا مشورہ : ٹی آر ایس قائدین
حیدرآباد۔/15ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اپوزیشن جماعتوں پر کسانوں کی خودکشی کے واقعات کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کیا۔ ارکان اسمبلی پرشانت ریڈی اور جی کشور کمار نے پریس کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسانوں کی خودکشی کے واقعات کو روکنے حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرنے کے بجائے اس مسئلہ پر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ جن حکومتوں کے دوران کسانوں کی خودکشی کے واقعات پیش آئے آج وہی پارٹیاں کسانوں سے جھوٹی ہمدردی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے سی آر کی قیادت میں کسانوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ زرعی شعبہ کو موثر برقی سربراہی کو یقینی بنایا گیا۔ اس کے علاوہ حکومت نے کسانوں کی فصلوں کے انشورنس کا فیصلہ کیا تاکہ انہیں غیر موسمی بارش اور دیگر آفات کے سبب ہونے والے نقصانات سے بچایا جاسکے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ کسانوں کی پیداوار پر امدادی قیمت کی فراہمی مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے اور بہتر امدادی قیمت کیلئے ٹی آر ایس حکومت مرکز سے مطالبہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے خشک سالی کے مستقل خاتمہ کیلئے مشن کاکتیہ اور دیگر اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ ہزاروں چھوٹے تالابوں اور جھیلوں کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اور کانگریس قائدین کو کسانوں سے ہمدردی کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ یہ قائدین اس وقت خاموش تھے جب آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ کی ترقی کو فراموش کردیا تھا۔ انہوں نے بی جے پی قائد ناگم جناردھن ریڈی کے حکومت کے خلاف الزامات کو بھی مسترد کردیا۔

TOPPOPULARRECENT