Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے چیف منسٹر کوشاں

کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے چیف منسٹر کوشاں

گمبھی راؤ پیٹ میں ریاستی وزراء تارک راما راؤ اور جگدیشور ریڈی کا خطاب

گمبھی راؤ پیٹ ۔ /17 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ریاست تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کے کارنامے منفرد ہیں جس کی سابق میں کوئی مثال دیکھنے کو نہیں ملی ۔ ان خیالات کا اظہار ریاست وزیر پنچایت راج ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، تارک راما راؤ نے کیا ۔ موصوف آج یہاں منناباد منڈل کے چپنپلی میں 132/33 KV برقی سب اسٹیشن کے افتتاحی تقریب کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس 132/33KV برقی سب اسٹیشن کے کام کرنے پر علاقے میں برقی بحران کے علاوہ لو ولیٹیج کی شکایت دور ہوگی ۔ وزیر موصوف نے اپنے دوران خطاب علحدہ ریاست سے قبل آندھراپردیش میں کاشتکاروں کو ہونے والی پریشانیوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اس وقت برقی بحران ، برقی کٹوتی کی وجہ کاشتکاروں کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور کسان بھائیوں کو بے وقت برقی سربراہی کی وجہ اکثر اوقات کرنٹ کے انتظار میں اپنی رات کھیتوں میں گزاردی ۔ لیکن علحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل کے بعد حالات سازگار ہوگئے ۔ کے سی آر کی زیرقیادت تلنگانہ کی حکومت نہ صرف کسانوں کے برقی بقیہ جات ، قرضوں کو معاف کردیا بلکہ زراعتی ضروریات کی تکمیل کیلئے کے سی آر نے 9 گھنٹے برقی سربراہی عمل میں لارہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ایک دور تھا کہ کسان برقی سربراہی کا مطالبہ کرتے ہوئے برقی سب اسٹیشنوں پر دھرنے منظم کرتے تھے لیکن آج تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کے سی آر کی حکومت اس مسئلہ کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرتے ہوئے کسانوں کی ممکنہ طور پر مدد کی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے مانیرو اپر پراجکٹ میں پانی لانے کے منصوبہ کے تحت تعمیری کام شروع کئے گئے ۔ اندرون دو سال لفٹ ایری گیشن اسکیم کے تحت اپر مانیر پراجکٹ میں پانی کو منتقل کیا جائے گا تاکہ علاقے میں موجود تقریباً 75 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوسکے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر کی حکومت ہر لحاظ سے ہر ایک طبقہ کو ممکنہ طور پر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لاتے ہوئے کئی ترقیاتی کاموں کو انجام دے رہی ہیں ۔ علاقے میں اندرون دو سال گھر گھر نل کے ذریعہ صاف و شفاف پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ اس افتتاحی تقریب کو ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی ایم ایل سی نارا داس لکشمن ، ایم پی ونود کمار ، ضلع پریشد چیرپرسن ، ٹی اوما نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کریم نگر نیتو پرساد کماری ، آر ڈی او بھکشا نائیک ، ضلع پریشد رکن ملوگاری پدما ، شرت راؤ ، ضلع پریشد کوآپشن رکن محمد سرور کے علاوہ دیاکر راؤ ، دیویندر یادو ، احمد علی ، ولایت ، تمہید علی ، جمشید علی ، عبدالوحید ، محبوب علی ، لنگم وغیرہ موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT