Tuesday , July 25 2017
Home / ہندوستان / کشمیری نوجوان تشدد کی راہ ترک کریں،گھر واپسی کی ترغیب

کشمیری نوجوان تشدد کی راہ ترک کریں،گھر واپسی کی ترغیب

سری نگر 6جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی عسکریت پسند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بڑھتے رجحان کے تناظر میں ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیل پال وید نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تشدد کی راہ ترک کریں اور اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کا راستہ ترک کرنے والے نوجوانوں کو کوئی تکلیف نہیں ہوگی اور انہیں روزگار کی تربیت دی جائے گی۔ پولیس سربراہ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں یہ بات کہی جسے ٹوئٹر پر بھی اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گذشتہ چند مہینوں کے دوران 54نوجوانوں کی کامیابی گھر واپسی یقینی بنائی گئی ہے ۔ مسٹر وید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے ‘اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ کسی انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے ۔جموں وکشمیر میں گذشتہ چند مہینوں کے دوران 54 نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کی گرفت سے باہر نکالا گیا ہے ۔ یہ وہ نوجوان ہیں جو بھٹک گئے تھے اور جنہوں نے عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے نہ صرف 54 جانیں بچ گئیں بلکہ خاندانی کو بھی تباہی سے بچایا جاسکا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس حکام نے تشدد کی راہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور اُنھیں کامیاب ترغیب دی۔ اس طرح وہ نوجوان جو تشدد کی راہ اختیار کرچکے تھے اور جنھوں نے ہتھیار اُٹھالئے تھے اُنھیں واپس قومی دھارے میں لانے میں کامیابی ہوئی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT