Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / کشمیر ، کیرالا ،پاکستان میں عیدالفطرروایتی انداز میں منائی گئی

کشمیر ، کیرالا ،پاکستان میں عیدالفطرروایتی انداز میں منائی گئی

درگاہ حضرت بل میں کشمیر کا سب سے بڑا اجتماع عید ، تھرواننتاپورم میں کیرالا کے مسلمانوں کا روایتی جوش و خروش
سرینگر ؍ تھرواننتاپورم ؍ لاہور ۔ 6 جولائی۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک بالعموم آج 30 رمضان المبارک ہے ماسوائے کیرالا اور کشمیر ، جہاں آج عیدالفطر روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ کشمیر کے پڑوس میں واقع ملک پاکستان نے بھی آج عید سعید کی خوشی منائی ۔ وادی کشمیر میں رمضان کی تکمیل اور ماہ شوال المکرم کے آغاز کے ساتھ ہی مسلمانوں نے مساجد ، بڑی درگاہوں اور عیدگاہوں کا رُخ کیا اور اﷲ تعالیٰ کے حضور شکرانہ کے طورپر دو رکعت نماز عید ادا کی ۔ سارے کشمیر میں آج یکساں طورپر عید منائی گئی جس کی خوشیوں میں زندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں پیش کئے ۔ نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں دیکھنے میں آیا جہاں زائد از 50,000 فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی ۔ دوسرا بڑا اجتماع پرانے شہر کی عیدگاہ میں دیکھا گیا جہاں زائد از 40,000 مسلمان جمع ہوئے ۔ قلب شہر میں پولو گراؤنڈاور شہر کی دیگر درگاہوں میں بھی حکام کے مطابق نماز عید کے اجتماعات دیکھے گئے جہاں پرسکون انداز میں نماز عید ادا کی گئی ۔

اور اسی طرح کے اجتماعات وادی کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس اور بڑے ٹاؤنس میں بھی دیکھنے میں آئے۔ وادی میں نماز عید کے بعد پتھراؤ کے چند معمولی واقعات کے سوامجموعی صورتحال پرامن رہی ۔ اُدھر کیرالا میں لگ بھگ معمول کے مطابق ملک کے بقیہ حصوں سے ایک روز پیشتر آج عیدالفطر منائی گئی اور مسلمانوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔ ساری ریاست میں مسلمان بڑی تعداد میں مساجد کا رُخ کئے اور نماز ادا کی ۔ تھرواننتاپورم کے چندرشیکھرن نارائن اسٹیڈیم میں نماز عید کی امامت مسجد پلایم کے امام نے انجام دی ۔ علماء اور خطیبوں نے اس موقع پر مسلمانوں سے اپیل کی کہ خود کو امن ، ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے اسلامی شعائر کا مظہر بنائیں۔ شمالی کیرالا کے مالابار علاقہ میں روایتی طورپر مسلم گھرانوں میں عید کی خصوصی ڈش ’شیرخورمہ‘ تیار کی گئی ۔ گورنر کیرالا جسٹس ریٹائرڈ پی ستھا سیوم اور چیف منسٹر پی وجین اُن شخصیتوں میں شامل ہیں جنھوں نے کیرالا کے مسلمانوں کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی ۔ چیف منسٹر نے اپنے پیام میں کہا کہ عید کے اس موقع پر خدا کرے ۔ بھائی چارہ اور انسانیت کا ماحول پیدا ہو اور تمام لوگ ہنسی خوشی سے رہیں۔

حافظ سعید نے نماز عید کی امامت کی
جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے آج عیدالفطر کی نماز کی امامت کی ، جہاں انھوں نے یہ کہتے ہوئے عوام کو جوش دلانے کی سعی کی کہ امریکہ اور ہندوستان پاکستان کے خلاف معاہدوں پر دستخط کررہے ہیں اور کسی ’’بڑی جنگ‘‘ کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں زبردست اجتماع سے خطاب میں بانی لشکر طیبہ نے مسلم برادری میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کفار کے عزائم کو ناکام کیا جاسکے ۔ انھوں نے کہاکہ بین الاقوامی عناصر پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے خلاف سازش رچارہے ہیں ۔ انھوں نے ساتھ ہی سعودی عرب میں دہشت گرد حملے کی مذمت بھی کی اور اس میں بیرونی ہاتھوں کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT