Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / کشمیر سے زائد از 180 سپاہیوں کی آرمی میں شمولیت

کشمیر سے زائد از 180 سپاہیوں کی آرمی میں شمولیت

سرینگر ۔ 12 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) جموںو کشمیر کے زائد از 180 سپاہیوں کو اُن کی سال بھر طویل ٹریننگ کی تکمیل کے بعد آج آرمی میں شامل کردیا گیا ہے ۔ اس ریاست کے 185 سپاہی جموں اینڈ کشمیر لائیٹ انفنٹری رجمنٹل سنٹر کے بانا سنگھ پریڈ گراؤنڈ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا حصہ رہے جہاں نئے ریکروٹس کے سینکڑوں رشتہ دار اس موقع پر جمع ہوئے ۔ یہ پریڈ کسی ریکروٹ کے گرائجویشن کا نقیب ہوتی ہے اور اُسے بطور سپاہی کسی فورس میں بھرتی کیا جاتا ہے ۔ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ آج اس موقع پر چیف آف انٹگریٹیڈ اسٹاف لیفٹننٹ جنرل ستیش دوا نے معائنہ کیا ، جو جے اے کے ایل آئی رجمنٹ کے کرنل بھی ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پریڈ کی تقریب میں زائد از 1000 رشتہ دار شریک ہوئے جن میں نوجوان سپاہیوں کے والدین شامل ہیں۔ ان کے علاوہ کئی عام شہری اور ملٹری شخصیتیں بھی شریک ہوئیں۔ یہ نوجوان سپاہیوں کا ریاست جموں و کشمیر کے تمام خطوں اور مذاہب سے تعلق ہے جنھوں نے شانہ بہ شانہ تربیت حاصل کی اور قوم کی خدمت کیلئے وقف سرویس کا حصہ بن گئے۔ انھوں نے رجمنٹ کا گیت ’’بلیدانم ویر لکشنم ‘‘ بھی گایا ۔ ترجمان کے مطابق نئے ریکروٹس نے قومی ترانہ کی دُھن کے درمیان ترنگا کو سلامی دی اور سارے ماحول میں حب الوطنی کا جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا ۔ لیفٹننٹ جنرل ستیش دوا نے نوجوان سپاہیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُنھیں تلقین کی کہ قوم کی خدمت کیلئے بے غرض انداز میں کام کرنے کو اپنا شیوہ بنائیں ۔ انھوں نے تعریف کی کہ جموں و کشمیر سے زیادہ سے زیادہ نوجوان سکیورٹی فورسیس میں شامل ہورہے ہیں ۔ لیفٹننٹ جنرل نے والدین کے رول کو بھی سراہا کہ وہ اپنے بیٹوں کو اس عظیم خدمت میں شامل ہونے کا حوصلہ دینے میں کامیاب ہورہے ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT