Monday , September 25 2017
Home / ہندوستان / کشمیر میں اندرون 24 گھنٹے عسکریت پسندوں کا دوسرا حملہ

کشمیر میں اندرون 24 گھنٹے عسکریت پسندوں کا دوسرا حملہ

2 پولیس ملازمین بشمول 2اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہلاک
سرینگر 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر میں 24 گھنٹے سے بھی کم وقفہ میں عسکریت پسندوں نے دوسری مرتبہ حملہ کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی اننت ناگ میں 2 پولیس ملازمین کو ہلاک کردیا جبکہ اس حلقہ کے ضمنی انتخابات میں چیف منسٹر محبوبہ مفتی مقابلہ کررہی ہیں۔ سکیورٹی فورسیس کو نشانہ بناتے ہوئے مشتبہ عسکریت پسندوں نے اننت ناگ کے مرکزی بس اسٹانڈ میں آج صبح 11.20 بجے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر بشیر احمد اور کانسٹبل ریاض احمد شدید زخمی ہوگئے۔ انھیں فی الفور ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ یہ دوسرا حملہ 24 گھنٹے سے کم وقفہ میں کیا گیا جبکہ حزب المجاہدین کے عسکریت پسندوں نے پڑوسی علاقہ گوریاں میں بیج بہرہ کے مقام پر بی ایس ایف کے قافلہ پر گھات لگاکر حملہ کردیا تھا۔ اننت ناگ میں آج کا یہ حملہ بظاہر ووٹروں کو خوفزدہ کرنے کی ایک کوشش تصور کی جارہی ہے جہاں سے محبوبہ مفتی اسمبلی کے لئے منتخب ہونے کی خواہشمند ہیں۔ یہ نشست ان کے والد مفتی محمد سعید کے انتقال سے مخلوعہ ہوگئی جہاں پر 22 جون کو رائے دہی مقرر ہے۔

TOPPOPULARRECENT