Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر:میرواعظ کا الزام

کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر:میرواعظ کا الزام

سرینگر، 9دسمبر (یو ا ین آئی) حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے وادی کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالیاں روز بہ روز بڑھتی جارہی ہے ۔میرواعظ جو کہ متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے امیر بھی ہیں، نے سری نگر کی تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’10 دسمبر کو جب بین الاقوامی برادری انسانی حقوق کے دن کے طور پر منا رہی ہے اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور پامالیوں کو رکوانے کے لئے عہد اور معاہدے کئے جارہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ جموں وکشمیر دنیا کے اُن خطوں میں شامل ہے جہاں کھلے عام سرکاری سطح پر انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں’۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے قوموں کے حق خودارادیت، انہیں زندہ رہنے کے حق اور آزادی اور تحفظ کو اپنے دستور میں نہ صرف تسلیم کیا ہے بلکہ ہر ممبر ملک کو اسکا پابند بنایا ہے لیکن جموں وکشمیر کی سطح پر یو این او کے یہ عہد اوروعدے کھوکھلے اور بے معنی نظر آتے ہیں۔میرواعظ نے اپنے خطاب میں کہا ‘طاقت کے بل پر کشمیری عوام کو ان کے پیدائشی حق، حق خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے ۔عام زندگی عدم تحفظ کی شکار ہے اور حقوق کی پامالیوں کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کی پوری آبادی کو حکومت ہند اوراس کے ریاستی اتحادی سرکار، ریاستی دہشت گردی اور پُر تشدد کارروائیوں سے عوامی احساسات اور خواہشات کو دبانے میں مصروف عمل ہے ۔انہوں نے کہا ‘یہاں کالے قوانین نافذ ہیں ، بڑی تعداد میں نوجوانوں کو زیر حراست قتل کیا گیا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں کشمیری گمشدہ ہیں ، قتل عام، عصمت دری اور آبروریزی کے سینکڑوں شرمناک واقعات رونما ہو چکے ہیں اور ہرگزرتے موسم کے ساتھ ان افسوسناک پامالیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا ‘حالیہ پر جوش عوامی تحریک کے دوران ہمارے سو سے زیادہ نہتے اور معصوم افراد کو شہید ، ہزاروں کو شدید زخمی اور پیلٹ گن سے سینکڑوں معصوم افراد جن میں بچے بھی شامل ہیں کو بینائی سے محروم کردیا گیا ہے ۔ جملہ مزاحمتی قیادت اور ہزاروں حریت پسند نوجوانوں کوگرفتار کرکے خانہ اور تھانہ نظر بند رکھا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT