Saturday , August 19 2017
Home / سیاسیات / کشمیر میں تازہ ہلاکتوں کی مذمت ‘ سی پی ایم ‘ کانگریس

کشمیر میں تازہ ہلاکتوں کی مذمت ‘ سی پی ایم ‘ کانگریس

سرینگر 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سکیوریٹی فورسیس کی فائرنگ میں تازہ ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے سی پی ایم لیڈر و رکن اسمبلی کلگام یوسف تریگامی نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کے لا تعلقی والے رویہ سے وادی کشمیر میں پہلے سے بگڑتی ہوئی صورتحال مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہرگذرتے دن کے ساتھ نوجوانوں کی افسوسناک ہلاکتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ کل شام سے چھ نوجوان افراد کو نفاذ قانون کی ایجنسیوں نے بہیمانہ انداز میں ہلاک کردیا ہے ۔ کشمیر کب تک خون بہاتا رہے گا ۔ یہ ایسا سوال ہے جو ہر کشمیری کر رہا ہے ۔ تریگامی نے ایک بیان میں کہا کہ دہلی اور سرینگر میں اقتدار رکھنے والے افراد کے لا تعلق رویہ کی وجہ سے حالات مزید ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو امید تھی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کشمیر کی ابتر صورتحال پر افسوس کا اظہار کرینگے ۔ اس صورتحال نے کشمیر پر غلبہ حاصل کرلیا ہے اور انسانی جانوں کا اتلاف ہوتا جا رہا ہے ۔ اس دوران ریاستی کانگریس نے بھی حالیہ ہلاکتوں پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ احتجاجیوں پر فائرنگ کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے وادی میں امن متاثر ہو رہا ہے اور عوام خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں اور اندیشوں کا شکار ہیں۔ پردیش کانگریس کے صدر جی اے میر نے کہا کہ ریاستی کانگریس ان ہلاکتوں کی مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ رکنا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT