Saturday , September 23 2017
Home / دنیا / کشمیر میں جھڑپوں پر چین کو تشویش

کشمیر میں جھڑپوں پر چین کو تشویش

بیجنگ ۔ 18 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چین نے غیرمعمولی طورپر کشمیر میں جاری بدامنی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہاں کی صورتحال سے موثر طورپر نمٹا جائے گا اور متعلقہ فریقین بات چیت کے ذریعہ پرامن طورپر مسئلہ کی یکسوئی کریں گے ۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکنگ نے کشمیر کی صورتحال پر تبصرہ میں کہا کہ چین نے متعلقہ خبروں کا نوٹ لیا ہے ، ہمیں جھڑپوں میں ہونے والی اموات اور نقصانات پر تشویش ہے ۔ توقع ہے کہ اس صورتحال سے موثر طورپر نمٹا جائے گا ۔ یہ تبصرہ وزارت خارجہ کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کیا گیا ۔ کشمیر میں بدامنی کے تعلق سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ یہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جب تک حل نہیں ہوا ۔ چین کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے اور اُسے توقع بھی ہے کہ متعلقہ فریقین بات چیت کے ذریعہ پرامن طورپر اس مسئلہ کی یکسوئی کرلیں گے ۔ کشمیر کے بارے میں چین کا یہ تبصرہ مبصرین کیلئے تعجب کا سبب ہے کیونکہ عام طورپر وہ جموںو کشمیر کی صورتحال کے بارے میں تبصرہ سے گریز کیا کرتا ہے ۔ اس مسئلہ پر چین کا دیرینہ موقف یہی رہا ہے کہ یہ ہندوستان اور پاکستان کا باہمی معاملہ ہے جسے تاریخ میں یونہی چھوڑ دیا گیا اور انھیں بات چیت و مشاورت کے ذریعہ باہمی طورپر اس مسئلہ کو حل کرلینا چاہئے ۔ جموں و کشمیر کی صورتحال پر چین نے حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد غیرمعمولی طورپر یہ تبصرہ کیاہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT