Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / کشمیر میں طاقت کا بیجا استعمال ، ہلاکتوں پر افسوس

کشمیر میں طاقت کا بیجا استعمال ، ہلاکتوں پر افسوس

نوازشریف کا ردعمل  ،برہان وانی اور دیگر کی غائبانہ نماز جنازہ :حافظ سعید
اسلام آباد ؍ لاہور ۔ 11 جولائی۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموںو کشمیر کی صورتحال میں دخل اندازی کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور ممبئی دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید نے حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت پر تنقید کی اور وادی میں سکیورٹی فورسیس کی کارروائی کے تعلق سے سخت تبصرے کئے ۔ نواز شریف جو اوپن ہارٹ سرجری کے بعد لندن سے واپس ہوئے ہیں وادی میں برہان وانی اور عام شہریوں کی سکیورٹی فورسیس کے ہاتھوں ہلاکت پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔ انھوں نے طاقت کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت سے روک نہیں سکتے ۔ حافظ سعید نے پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیانات اور وزیراعظم کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو یہ مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اُٹھانا چاہئے اور بالخصوص ایسے موقع پر جبکہ یہ ایک سلگتا ہوا موضوع بن چکا ہے ۔ حافظ سعید نے برہان وانی اور دیگر کی جمعہ کو لاہور میں غائبانہ نماز جنازہ کا بھی اعلان کیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کشمیر کے مسائل کو کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق حل کیا جانا چاہئے ۔
ہندوستانی ہائی کمشنر کی طلبی
پاکستان نے ہندوستانی ہائی کمشنر کو طلب کرتے ہوئے حزب المجاہدین کمانڈر اور دیگر کئی شہریوں کی کشمیر میں ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی کرنے والے ذمہ داروں کا پتہ چلانے کیلئے غیرجانبدار و شفاف تحقیقات پر زور دیا۔ معتمد خارجہ نے ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو طلب کرتے ہوئے برہان وانی اور دیگر عام شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کی ۔ ہندوستانی سکیورٹی فورسیس کی پرامن احتجاجیوں پر فائرنگ کو بھی نامناسب قرار دیا۔
۔

TOPPOPULARRECENT