Thursday , October 19 2017
Home / ہندوستان / کشمیر پر چدمبرم کا بیان سیاسی موقع پرستی

کشمیر پر چدمبرم کا بیان سیاسی موقع پرستی

جمہوری منتخبہ حکومت کو بیدخل کرنے کی خواہش ظاہر : وینکیا نائیڈو
نئی دہلی 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے کانگریس لیڈر پی چدمبرم کے کشمیر سے متعلق ریمارکس کو سیاسی موقع پرستی قرار دیا اور کہا کہ اس سے ایک جمہوری منتخبہ حکومت کو بیدخل کرنے کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے ۔ چدمبرم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کانگریس ‘ نیشنل کانفرنس اور اگر تیار ہو تو پی ڈی پی کو بھی مل کر ریاست میں تشدد کو روکنے کی کوشش کرنی چاہئے اور ایسا راستہ اختیار کرنی چاہئے کہ جموں و کشمیر کے عوام میں امید ‘ امن اور خوشحالی پیدا ہوسکے ۔ وینکیا نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس چاہتی ہے کہ ایک جمہوری منتخبہ حکومت کو اقتدار سے محروم کردیا جائے ۔ اس بات کا کیا مطلب ہے کہ کانگریس ‘ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو ایک ساتھ آنا چاہئے ؟ ۔ ریاست میں ایک جمہوری طور پر منتخبہ حکومت ہے ۔ آپ اس حکومت کو اپنے سیاسی فائدے کیلئے بیدخل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی اہم مسائل پر مختلف آوازوں میں بات کر رہی ہے اور حساس مسائل پر اس کا موقف درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے حالیہ وقتوں میں چدمبرم ‘ کپل سبل اور سلمان خورشید کے بیانات سے خود کو الگ کرلیا ہے لیکن یہی قائدین کئی برسوں سے اس کے اہم قائدین میں شمار کئے جاتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT