Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / کشمیر کے تعلیمی اداروں میں کشیدگی، فورسز کی کارروائی ، 2درجن طلباء زخمی

کشمیر کے تعلیمی اداروں میں کشیدگی، فورسز کی کارروائی ، 2درجن طلباء زخمی

سری نگر 17اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) وادئ کشمیر کے قریب دو درجن تعلیمی اداروں بالخصوص ڈگری کالجوں میں پیر کے روز شدید احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے دارالحکومت سری نگر میں واقع تاریخی سری پرتاپ (ایس پی) کالج، شوپیان، بارہمولہ، سوپور، ہندواڑہ اور پلوامہ میں احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج، رنگین پانی کی بوچھاڑوں اور آنسو گیس کے گولوں کا شدید استعمال کیا۔طلباء اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی ان جھڑپوں میں قریب دو درجن طالب علموں اور متعدد سیکورٹی فورس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے صورتحال کو انتہائی پریشان کن قرار دیا ہے ۔ وادی میں طلباء کی جانب سے یہ احتجاجی مظاہرے سیکورٹی فورسز کی جانب سے 15 اپریل کو ڈگری کالج پلوامہ میں طالب علموں کے خلاف مبینہ طور پر طاقت کے بے تحاشا استعمال کے خلاف منظم کئے گئے۔ ڈگری کالج پلوامہ میں 15 اپریل کو طلباء اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی پُرتشدد جھڑپوں میں قریب 60 طالب علم زخمی جبکہ 20 طالبات بے ہوش ہوگئی تھیں۔صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے ڈگری کالج پلوامہ کو پیر سے دو روز کے لئے بند رکھنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈگری کالج پلوامہ میں طاقت کے بے تحاشہ استعمال کے خلاف سری نگر کے مولانا آزاد روڑ پر واقع سری پرتاپ (ایس پی) کالج کے سینکڑوں طلباء پیر کی صبح سیکورٹی فورس مخالف اور آزادی حامی نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

TOPPOPULARRECENT