Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کشن ریڈی کو راہول گاندھی کی حب الوطنی پر استفسار کرنے کا حق نہیں،ملو بٹی وکرامارک کا ردعمل

کشن ریڈی کو راہول گاندھی کی حب الوطنی پر استفسار کرنے کا حق نہیں،ملو بٹی وکرامارک کا ردعمل

حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ گاندھی جی کے قاتل گوڈسے کی تائید و حمایت کرنے والے کشن ریڈی اور بی جے پی کو راہول گاندھی کی حب الوطنی پر سوال کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے بی جے پی کے ریاستی صدر مسٹر جی کشن ریڈی کی جانب سے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر دہشت گردوں کی تائید کرتے ہوئے اپنے نام کے آگے گاندھی کے بجائے یعقوب جوڑ لینے کا مشورہ دینے پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی اس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے نہ صرف ملک کو انگریزوں کے چنگل سے آزاد کرانے میں اہم رول ادا کیا ۔ ملک میں قومی یکجہتی اور اتحاد کے لیے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے اپنی زندگیاں قربان کی ہیں ۔ ایسے عظیم خاندان کے سپوت پر جھوٹے الزامات عائد کرنا اور ان کی حب الوطنی پر شکوک کا اظہار ملک اور قوم کی توہین کرنے کے مترادف ہے ۔ کشن ریڈی کیا ہیں اور ان کی اوقات کیا ہے ۔ خود کشن ریڈی کو معلوم نہیں ہے ۔ کشن ریڈی نے ملک کے لیے کوئی قربانی نہیں دی ہے اور نہ ہی ان کے ارکان خاندان کا قربانیاں دینے والوں سے کوئی تعلق ہے ۔ یہاں تک کہ جس کو کشن ریڈی اپنا قائد تسلیم کرتے ہیں اس وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ملک کے لیے کوئی قربانی نہیں دی ہے ۔ ملک کو آزادی دلانے اور آزاد ملک کو ترقی دینے کا اعزاز راہول گاندھی کے خاندان کو حاصل ہے ۔ بی جے پی صرف فرقہ وارانہ منافرت پھیلاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کی تائید و حمایت کرتے ہوئے ان کے نظریات کو زبردستی دوسروں پر تھوپنے کی کوشش کررہی ہے ۔ مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی جھوٹی اور گمراہ کن بیان بازی سے احتراز کرنے پر زور دیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی دہشت گردوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ کشن ریڈی بھول رہے ہیں کہ کانگریس کے دور حکومت میں ہی سپریم کورٹ کے فیصلے پر افضل گرو کی پھانسی پر عمل آوری کی گئی ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT