Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / کلارک کے آخری ٹسٹ میں انگلینڈ تاریخ ساز کامیابی کیلئے کوشاں

کلارک کے آخری ٹسٹ میں انگلینڈ تاریخ ساز کامیابی کیلئے کوشاں

لندن 19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ جو پہلے ہی آسٹریلیا کے خلاف رواں ایشز سیریز پر قبضہ کرلیا ہے لیکن انگلش کپتان الیسٹر کک نہیں چاہتے کہ ان کی ٹیم تن آسانی کا مظاہرہ کرے بلکہ کل یہاں شروع ہونے والے پانچویں اور آخری ٹسٹ میں کامیابی حاصل کرے۔ کک کی زیرقیادت انگلش ٹیم نے ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے چوتھے ٹسٹ میں ایک اننگز اور 78 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 5 مقابلوں کی سیریز میں 3-1 کی کامیابی حاصل کرلی ہے جس میں خاص کر اسٹیورٹ براڈ کا مظاہرہ انتہائی شاندار تھا جنھوں نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 15 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 60 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔ الیسٹر کک خواہاں ہیں کہ ان کی ٹیم رواں سیریز کے 4 مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک تاریخ بنائے کیوں کہ گھریلو میدانوں پر کھیلی گئی سیریز میں کسی بھی انگلش ٹیم نے 4 فتوحات حاصل نہیں کی ہے۔ کک کی زیرقیادت انگلش ٹیم کو اب یہ موقع دستیاب ہے کہ وہ رواں سیریز میں 4 فتوحات حاصل کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کرے۔ آخری مرتبہ انگلینڈ نے مائیک بیرلے کی قیادت میں آسٹریلیائی سرزمین پر 5-1 کی کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم یہ سیریز 1978-79 ء میں ورلڈ سیریز کرکٹ کے نام سے کھیلی گئی تھی۔ انگلش ٹیم 4-1 کی کامیابی کے ذریعہ 18 ماہ قبل آسٹریلیا میں ہوئی 5-0 کی شکست کا حساب برابر کرنے کی خواہاں ہے۔ دریں اثناء براڈ نے اپنے کپتان کک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کل ایک نئے مقابلے کا آغاز ہورہا ہے اور کھلاڑی سیریز میں 4-1 کی کامیابی کے لئے پُرعزم ہیں۔ انگلش ٹیم میں کچھ تبدیلیوں کا امکان ہے جیسا کہ ناقص فام کا شکار ایڈم لیتھ کے مقام پر معین علی کو اننگز کا آغاز کروایا جائے گا اور مڈل آرڈر میں عادل رشید کو بھی کھلانے کی اُمید ہے۔

TOPPOPULARRECENT