Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / کلارک کے آخری ٹسٹ میں آسٹریلیا فاتح

کلارک کے آخری ٹسٹ میں آسٹریلیا فاتح

لندن ، 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے پانچویں اور آخری ایشز ٹسٹ میں انگلینڈ کو اننگز اور 46 رنز سے شکست دے دی لیکن انگلینڈ کی ٹیم نے سیریز 3-2 سے اپنے نام کر لی۔ دی اوول میں کھیلے گئے ٹسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 203/6 سے شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 129 رنز درکار تھے۔ اسکور 221 تک پہنچا تو مارک ووڈ کو پیٹر سڈل کی گیند پر آؤٹ قرار دیا گیا جبکہ اسکور میں دو رنز کے اضافے سے 40 رنز بنانے والے جوز بٹلر بھی مچل مارش کو وکٹ دے بیٹھے۔ اس موقع پر بارش سے خلل کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو اسٹوارٹ براڈ اور معین علی نے نویں وکٹ کیلئے 40 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی موقع پر سڈل نے براڈ (11)کو بولڈ کیا۔ آسٹریلیا کو آخری وکٹ کیلئے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور 286 کے اسکور پر معین علی (35 رنز) سڈل کا شکار بنے۔ آخری ٹسٹ میچ کھیلنے والے اپنے کپتان مائیکل کلارک کو شاندار انداز میں رخصت کیا لیکن اس فتح کے باوجود آسٹریلیا کو سیریز میں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کی جانب سے سڈل نے چار جبکہ ناتھن لیون اور مچل مارش نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیون اسمتھ کو 143 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ریٹائر ہونے والے ایک اور آسٹریلین کرس راجرز اور انگلینڈ کے جو روٹ کو سیریز میں بیاٹ سے مستقل مزاج کارکردگی دکھانے پر ’’مین آف دی سیریز‘‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT