Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کل آندھرا پردیش بند ، ریاست کو خصوصی درجہ کا مطالبہ

کل آندھرا پردیش بند ، ریاست کو خصوصی درجہ کا مطالبہ

عوام کو خود کشی کے بجائے متحدہ جدوجہد میں شامل ہونے کا مشورہ ، وائی ایس جگن موہن ریڈی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش مسٹر جگن موہن ریڈی نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے لیے پارٹی کی جانب سے 29 اگست کو منظم کئے جانے والے آندھرا پردیش بند کو پرامن اور مکمل کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی اور خود کشی کرنے کے بجائے زندہ  رہ کر متحدہ جدوجہد کرنے پر زور دیا ۔ مسٹر جگن موہن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت اور آندھرا پردیش کی تلگو دیشم حکومت آندھرا پردیش کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ نریندر مودی اور چندرا بابو نائیڈو نے انتخابی مہم کے دوران آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست درجہ دینے کا وعدہ کیا اور کامیابی کے بعد دونوں ہی قائدین وعدے سے انحراف کررہے ہیں مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے بجائے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو خصوصی پیاکیج پر اکتفا کررہے ہیں ۔ تلگو دیشم حکومت کے اس فیصلے سے ناراض اور مایوس ہو کر نوجوان خود کشی کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی خصوصی پیاکیج کو قبول نہیں کرے گی ۔ بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم شروع کرتے ہوئے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا موقف حاصل کرے گی ۔ اس جدوجہد میں عوام جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر ان کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے خود کشی نہ کرنے کی اپیل کی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا نے 29 اگست کو منظم کئے جانے والے بند کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے منظم کئے جانے والے بند کی تائید کرنے پر کمیونسٹ جماعتوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے دوسری سیاسی جماعتوں رضاکارانہ تنظیموں طلبہ تنظیموں سے بھی خواہش کی کہ وہ بند کو کامیاب اور پرامن بنانے میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں جب آندھرا پردیش کو 5 سال تک خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا گیا تو تب وینکیا نائیڈو نے 5 سال کو ناکافی قرار دیتے ہوئے 10 سال تک خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ بی جے پی کومرکز میں اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں 10 سال تک آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ آج وینکیا نائیڈو آندھرا پردیش کے عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے خصوصی پیاکیج کی بات کررہے ہیں اور چندرا بابو نائیڈو بھی اس کی تائید کررہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT