Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / کل بند نہیں صرف احتجاجی مظاہرے، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی کی وضاحت

کل بند نہیں صرف احتجاجی مظاہرے، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی کی وضاحت

حیدرآباد۔26 نومبر (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی نے وضاحت کی کہ 28 نومبر کو ’’آکروش دیوس‘‘بند کی اپیل نہیں ہے بلکہ مرکز کی بی جے پی حکومت کے نوٹوں کے چلن کو بند کرنے کے غیرمنصوبہ بند اقدام کے خلاف صرف احتجاج کرنا ہے۔ آج یہاں گاندھی بھون میں سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 500 اور 1000 روپئے کے کرنسی نوٹ کی منسوخی کے مرکزی حکومت کے اقدام کے باعث عوام کو ہونے والی شدید مشکلات اور دشواریوں کے خلاف کانگریس پارٹی نے ریاست تلنگانہ میں احتجاجی ریالیاں منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ احتجاجی مظاہرے تمام اسمبلی حلقوں میں اور تمام 31 اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں ریزرو بینک آف انڈیا کے آفس کے روبرو انسانی زنجیر بنا کر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا اور اس سے عوام کو کوئی مشکلات نہیں ہوں گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ابتداء میں اپوزیشن جماعتوں نے بھارت بند منانے کی اپیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن نوٹوں کی منسوخی کے باعث عوام کو کافی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لئے یہ محسوس کیا گیا کہ اگر ایسے میں بند کی اپیل کی گئی تو ان کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔ اس لئے مرکز کے اس اقدام کے خلاف بڑے پیمانہ پر احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT