Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / کمزور طبقات کے معیار ِزندگی میں بہتر ی کی کوشش: کے سی آر

کمزور طبقات کے معیار ِزندگی میں بہتر ی کی کوشش: کے سی آر

حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مدون کردہ دستور کے باعث ہی علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل ممکن ہوسکی۔ آج یہاں امبیڈکرکی  125 ویں یوم پیدائش تقریب کے موقع پر این ٹی آر گارڈنس نزد سیکریٹریٹ نصب کئے جانے ڈاکٹر امبیڈکر کے 125 فٹ بلند مجسمہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹینک بنڈ کے پاس 15 منزلہ امبیڈکر ٹاورس تعمیر کئے جائیں گے۔ کے سی آر نے دستور کے معمار کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے دلت و قبائیلی طبقات کو سماج میں اہم مقام حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے جی تا پی جی تعلیم کے ایک حصہ کے طور پر تلنگانہ میں 250 آشرم اسکولس قائم کئے جارہے ہیں اور اقلیتوں کیلئے 70 اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب عوام کو عزت اور وقار کی زندگی گذارنے کو یقینی بنانے کیلئے ڈاکٹر امبیڈکر نے جو خواب دیکھے تھے، ان خوابوں کو پورا کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ غریب عوام کی زندگیوں میں ایک نئی روشنی پیدا کرنے کیلئے ہی ان غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرکے مفت فراہم کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال جملہ 260 لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جائیں گے جبکہ زائد از 10 کروڑ روپئے کے مصارف سے سنٹر فار دلت اسٹیڈیزکیلئے عمارت کی تعمیر کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ دلت و کمزور طبقہ کے طلبہ کیلئے بیرونی ممالک میں تعلیم کے حصول کے مقصد سے دی جانے والی اسکالرشپ رقم 10 لاکھ روپئے سے بڑھاکر 20 لاکھ روپئے ادا کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT