Tuesday , May 30 2017
Home / دنیا / کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کا قتل

کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کا قتل

ملایشیا کے ایرپورٹ پر دو نامعلوم خواتین نے زہر دے دیا
سیؤل 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے حاکم کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کا ملائیشیا میں قتل کردیا گیا۔ جنوبی کوریا کی یونہاپ نیوز ایجنسی نے یہ خبر دیتے ہوئے سیؤل کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہاکہ کمیونسٹ ملک کے سربراہ کے سوتیلا بھائی کم جونگ نام کو گزشتہ روز ہلاک کردیا گیا۔ جنوبی کوریا کے ٹی وی چوسن کے مطابق 45 سالہ کم جونگ نام کو کوالالمپور ایرپورٹ پر دو نامعلوم خاتون ایجنٹوں نے زہریلی سوئیوںکے استعمال کرتے ہوئے زہر دے دیا۔ بعدازاں ایک ٹیکسی کے ذریعہ فوری طور پر لاپتہ ہوگئیں۔ کوالالمپور انٹرنیشنل ایرپورٹ پر سکیوریٹی کے انچارج اسسٹنٹ کمشنر پولیس عبدالعزیز علی نے کہاکہ ایک کوریائی جس کی عمر 40 سال سے زائد ہے، گزشتہ روز ایرپورٹ پر بیمار حالت میں پڑا پایا گیا تھا۔ جس کو ایرپورٹ حکام نے دواخانہ منتقل کیا۔ تاہم وہ راستہ میں ہی فوت ہوچکا تھا۔ کم جونگ نام ہی اپنے ڈکٹیٹر والد کو جونگ اِل کے امکانی جانشین سمجھے جارہے تھے لیکن 2001 ء میں ایک جعلی پاسپورٹ پر جاپان میں داخلہ کی ناکام کوشش کے بعد اعتماد سے محروم ہوگئے تھے اور چینی علاقہ مکاؤ میں عملاً جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔ موجودہ حاکم کم جونگ اُن نے ڈسمبر 2013 ء میں اپنے چچا اور سیاسی مربی جانگ سونگ تھانک کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعہ موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔ کم جونگ نام نے جو اصلاح پسند تھے ایک جاپانی اخبار نے کہا تھا کہ وہ اپنے ملک میں خاندانی حکمرانی کے مخالف ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT