Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / کنٹراکٹ جونیر لائن مین کو باقاعدہ بنانے کا تیقن

کنٹراکٹ جونیر لائن مین کو باقاعدہ بنانے کا تیقن

محکمہ برقی میں مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کا عنقریب فیصلہ
حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں کنٹراکٹ کی اساس پر محکمہ برقی میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ جونیر لائن مین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے سے اپنی رضامندی کا اظہار کیا بلکہ مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے وزیر توانائی مسٹر جگدیش ریڈی نے جونیر برقی لائن مین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لئے بہت جلد اقدامات کرنے کا واضح تیقن دیا اور کہاکہ محکمہ برقی میں زائد جائیدادوں پر عاجلانہ طور پر تقررات عمل میں لانے کے لئے حکومت بہت جلد فیصلہ کرے گی۔ وزیر توانائی نے کہاکہ جہاں ریاست تلنگانہ میں برقی کے گزشتہ عرصہ کے دوران درپیش مسئلہ سے نمٹتے ہوئے مؤثر برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت نے اقدامات کئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت برقی ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی سے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔ محکمہ توانائی میں عارضی و کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر توانائی نے مزید بتایا کہ دوران ڈیوٹی اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے کسی برقی ملازم کی حادثاتی موت ہونے کی صورت میں عطا کئے جانے والے 10 لاکھ ایکس گریشیا رقومات میں بھی بہت جلد اضافہ کیا جائے گا اور شدید زخمی ہونے کی صورت میں اس زخمی ملازم کا مکمل علاج حکومت کی جانب سے کروایا جائے گا اور مناسب مالی امداد بھی فراہم کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT