Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / کنگس الیون اور سن رائزرس کے درمیان آج اہم مقابلہ

کنگس الیون اور سن رائزرس کے درمیان آج اہم مقابلہ

پنجاب کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر مصر ، حیدرآباد کی پلے آف برتھ پر توجہ
موہالی ۔ 14 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) کے ایک میچ میں کل اتوار کو 4 بجے شام یہاں پوائنٹس کے ٹیبل پر اولین مقام کی حامل ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کا مقابلہ پوائنٹس ٹیبل پر آخر مقام کی حامل ٹیم کنگس الیون پنجاب سے ہوگا جس میں طاقتور سن رائزرس گزشتہ میچ میں دہلی ڈیرڈیولس کے ہاتھوں اپنی شکست سے باہر نکلنے کی کوشش کریں گے جبکہ ممبئی انڈینس کو شکست دینے کے بعد اُبھرنے والے کنگس الیون اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیں گے ۔ سن رائزر حیدرآباد پلے آف کھیلوں کیلئے جگہ بنانے سرکردہ ٹیموں میں جاری دوڑ کے سبب یہ محسوس کرچکے ہیں کہ اس دوڑ میں انھیں حاصل پہلا مقام برقرار رکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے چنانچہ وہ دہلی کے خلاف اپنی مایوس کن شکست کو پیچھے چھوڑکر اب کامیابی کی طرف دیکھنا چاہتے ہیں ۔ آئی ایس بندرا پی سی اے اسٹیڈیم میں کل کھیلا جانے والا یہ میچ اس حقیقت کے پیش نظر بھی حیدرآباد کے لئے نمایاں اہمیت کا حامل ہے کہ پنجاب کی ٹیم جو ٹورنمنٹ کی ابتداء سے پے در پے شکست کے ساتھ کامیابی کیلئے جدوجہد میں مصروف تھی کہ درمیان میں تقرررشدہ نئے کپتان مرلی وجئے کی قیادت میں اس ٹیم نے اچانک کایا پلٹ دی ہے ۔ باوجود اس کے پنجاب کی ٹیم 11 میچوں میں 8پوائنٹس کے ساتھ ہنوز ساتویں مقام پر ہے ۔ اس نے گزشتہ شب وشاکھاپٹنم میں دفاعی چمپیئنس ممبئی انڈینس کے خلاف سات وکٹس سے حیرت انگیز طورپر کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس فتح نے اپنی حالت سدھارنے کی جدوجہد میں مصروف کمزور ٹیم کو یقینا ایک نیا حوصلہ دیا ہے۔ چنانچہ سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر اس حقیقت پر زیادہ فکرمند ہیں کہ پنجاب جیسے ایک دشوارگذار حریف سے خود اُس کے ہی میدان پر نمٹنا آسان نہیں ہوگا ۔ حیدرآبادی ٹیم کے کھیل کا مظاہرہ قابل دید رہا ہے ۔ اس کے بولرس اور بیٹسمین نے اپنی صلاحیتوں کا بہت خوب مظاہرہ ضرور کیا ہے اور سب سے بڑھ کر کپتان ڈیوڈ وارنر آئی پی ایل کے رواں سیزن میں زیادہ رنز بنانے والے چند اہم بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔ انھوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعہ اپنی ٹیم کو تن تنہا فتح سے ہمکنار کیا ہے ۔ آشیش نہرہ اور مستفیض الرحمن اس کے اہم بولرس ہیں ۔ جہاں تک پنجاب کا معاملہ ہے گزشتہ روز ممبئی انڈینس کیخلاف کامیابی سے انھیں ایک نئی توانائی ملی ہے اور وہ ماباقی تمام تین میچس جیتنے بے چین نظر آتے ہیں۔
میچ کا آغاز 4:00 بجے سے ہوگا

TOPPOPULARRECENT